رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں سدرن کمانڈ نے بلوچستان حکومت کے اشتراک سے دوسری نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کا اہتمام کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ورکشاپ میں اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی جب کہ 2 ہفتے جاری رہنے والی ورکشاپ کا مقصد سیکیورٹی امور سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
آرمی چیف نے دوسری نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا قومیت نہیں ہوتی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا پوری قوم کا عزم ہے خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کر کے وہاں دہشتگردی کے خلاف جاری دھرنے کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دہشتگردی کے سد باب کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ میں تسلسل کے ساتھ شیعہ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کوئٹہ کے 4 مقامات پر دھرنے دیے گئے تھے اور آرمی چیف کی یقین دہانی کے بعد دھرنے ختم کر دیے گئے۔/۹۸۹/ ن۹۴۰