رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ پر تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہونیوالے پروپیگنڈہ کی مذمت کرتے ہیں، حکومت خود کشمیریوں کیلئے کچھ نہیں کر سکی اور الزام دھرنے کو دیا جا رہا ہے، حیران ہیں کہ شیخ رشید بار بار تاریخیں دیتے اور پھر بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کا کشمیر پر موقف تبدیل نہیں ہوا، آخری سانس تک کشمیریوں کیساتھ ہیں، 94 دن ہو چکے کشمیر سے کرفیو نہیں ختم نہیں کیا جا سکا، جبکہ حکمرانوں کو دھرنے کیخلاف باتیں کرنے سے فرصت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ 72 سال سے کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بنیادی انسانی حقوق کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، جس سے دنیا کی کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک بات ہے کہ امت مسلمہ کشمیر فلسطین اور چین کے مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کر سکی، چین کے مسلمان بھی تنگ زندگی گزار رہے ہیں روہنگیا کے مسلمانوں کو بھی بھلادیا گیا ہے، جغرافیائی حدود کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، کلمہ کی بنیاد پر تمام مسلمان جسد واحد ہیں اور یہ اتحاد برقرار رکھا جانا چاہیے، مگر افسوس عالمی سطح پر بدامنی کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ امت مسلمہ ہی مفلوک الحالی، پریشانی اور انتشار کا شکار ہے، ملت اسلامیہ جسے متحد ہونا چاہیے تھا، اسے مختلف فرقوں اور ملکوں میں بانٹ دیا گیا ہے۔/۹۸۹/ف