رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : فرقہ واریت پھیلانے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، ملکی استحکام اور اُمہ کی سربلندی کیلئے اتحاد ضروری ہے، انتہا پسندی و دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا : شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور کراچی آرام باغ میں صالح مسجد کے باہر بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعات میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ان دہشت گردوں کا امن و آشتی کے مذہب سے کوئی تعلق ہے ۔ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے ۔
انہوں نے تاکید کی : قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کا درس دیا اور ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ ملک کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کیلئے اتحاد امت ضروری ہے ۔ فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں ۔
ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجہ میں ہونے والے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اورزخمی کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : ملک و ملت کیلئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداء کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔
انہوں نے بیان کیا : سیکورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہوچکے ہیں ، سیکورٹی اداروں کو چاہیے کہ ملک میں بیلنس پالسیی ترک کرکے ملک میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجہ میں جکڑے ۔ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو تیز کرتے ہوئے ضرب عضب کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ان دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے جو ملک و قوم کے دشمن ہیںان دہشتگردوں کے مکمل خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن کا قیام ممکن نہیں۔