رسا نیوز ایجنسی کی رھبر معظم انقلاب اسلامی کی خبر رساں سائٹ سے رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے قومی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ اور مختلف شعبوں کے اعلی عہدیداروں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی گفتگو کے دوران ، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دنیا کے تسلط پسند نظام اور سامراجی طاقتوں کی وسیع اور منصوبہ بند نرم جنگ کے اہداف پر روشنی ڈالی ۔ آپ نے ایرانی عوام کے اعتقاد اور عقیدے کی تبدیلی کو اس پیچیدہ جنگ کا اہم ترین ہدف قرار دیا اور فرمایا کہ اس معرکے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کی اہمیت اور نرم جنگ کے خطرات اور پیچیدگی سے اس کی ناخواستہ مگر ناگزیر مقابلہ آرائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ نرم جنگ، سخت اور کھلی جنگ کے برخلاف آشکارا اور ایسی نہیں ہے کہ اس کو آسانی سے سمجھا اور محسوس کیا جاسکے۔ آپ نے فرمایا کہ یہ ایسی جنگ ہے کہ اس میں بعض اوقات فریق مقابل وار کرجاتا ہے لیکن وہ معاشرہ جس پر وار ہوتا ہے، وہ خواب غفلت میں پڑا رہتا ہے اور اس کو اس حملے کا احساس تک نہیں ہوتا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دنیا بالخصوص امریکا اور یورپ کے بارے میں نوجوانوں میں غیر حقیقی باتوں کا یقین پیدا کرنےاوران کے سامنے ترقی یافتہ ملکوں کو امن و آسائش کا گہوارہ اور مشکلات و مسائل سے عاری بناکے پیش کرنے کو نرم جںگ کے دیگر اہداف میں شمار کیا اور فرمایا کہ اس منصوبہ بند، نرم جںگ کا بنیادی اور اصلی مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں کے ایمان اور عقائد کو کمزور کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کو اندرسے تحلیل اور ختم کرنا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ دشمن کی نرم جنگ کے اہداف کے تحت، اسلامی جمہوریہ کے نام کے باقی رہنے حتی اقتدار میں کسی صاحب عمامہ کے ہونے سی بھی کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ دشمن کے لئے اہم یہ ہے کہ ایران امریکا، صیہونیت اور عالمی طاقت کے نظام کے اہداف کو پورا کرے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلسل سعی و کوشش اور منصوبہ بندی کو نرم جںگ چلانے والوں کی نمایاں خصوصیات میں شمار کیا اور فرمایا کہ ایرانی قوم کے مخالف محاذ کے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں اور تحریروں میں نرم جنگ کے اہداف و مقاصد کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے البتہ یہ کوشش عام طور پر بالواسطہ طور پر انجام پاتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے اس خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے ادارے کو اسلامی نظام اور انقلاب کا نشریاتی ادارہ قرار دیا اور فرمایا کہ اس ادارے کے افسران اور کارکن نرم جنگ میں ایرانی محاذ کے کماںڈر اور سپاہی ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے داخلی، علاقائی اور عالمی حالات کے بارے میں حقیقت پسندانہ اور صحیح تحلیل و تجزیئے کو دشمن کی نرم جنگ کے مقابلے میں قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے بنیادی اہداف کے حصول کے لئے بنیادی اور اہم ترین امور میں شمار کیا اور فرمایا کہ صحیح اور حقیقت پسندانہ تحلیل و تجزیئے کو ہی مختلف سطح پر فکری ہم آہنگی، پالیسیوں کی تیاری اور تمام سرگرمیوں کی بنیاد ہونا چاہئے ۔