رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : ملک میں ہر مذہب و مسلک کو اپنی عبادات کا پورا حق حاصل ہے اس تناظر میں عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرینگے ۔
مختلف علاقوں سے آئے علماء کرام اور کارکنوں کے مختلف وفود سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے وضاحت کی : فرقہ واریت پھیلانے والے پاکستا ن اور اسلام کے دشمن ہیں، ملکی استحکام اور اُمہ کی سربلندی کیلئے اتحاد ضروری ہے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے بیان کیا : انتہاء پسندی و دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی دوران ایام محرم نواسہ رسول ، جگر گوشہ بتول امام عالی مقام سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے ایام غم تمام مسلمان شیعہ سنی مل کر مناتے ہیں اور مظلوم کربلا سید الشہداء کی مجالس و جلوس میں شریک ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا : امسال پنجاب حکومت و صوبائی انتظامیہ کی جانب سے صوبوں کے مابین علماء کرام و ذاکرین عظام کے داخلے پر بلاجواز پابندی لگانے کے اعلانا ت غیر آئینی، غیر قانونی ، اور بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انتظامیہ ضابطہ اخلاق کی آڑ میں غیر آئینی، غیر قانونی ، اور کوئی نئی چیز سامنے نہ لائیں جس سے پنجاب کا پُرامن ماحول خراب ہو ۔
حجت الاسلام واحدی نے بیان کیا : ہم نے پہلے بھی اتحاد و وحدت کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے عملی طور پر دوسرے مکاتب فکر اور انتظامیہ کے ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انتظامی امور میں معاونت کی اور اب بھی کر رہے ہیں لیکن پنجاب حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دے نہ کہ سیکورٹی انتظامات اور امن برقرار رکھنے کا بہانہ بنا کر عزاداری پر بے جا رکاٹیں لگا کرعوام کو مشکل میں ڈالنے سمیت پنجاب کے پرامن ماحول کو خراب کرے۔
انہوں نے کہا : کچھ شرپسند عناصر عزاداری سید الشہداء کے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں حالانکہ مجلس و عزاداری کسی مسلک کے خلاف نہیں بلکہ یزیدیت کے خلاف احتجاج ہے جو جاری رہے گا۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے زور دیتے ہوئے بیان کیا : ہمیں عزاداری سید الشہداء پر کوئی رکاوٹ قابل قبول نہیں کیونکہ یہ ہماری شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے ۔
انہوں نے تاکید کی : پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی عبادات اپنے طریقے سے ادا کرنے کی پوری آزادی ہے اور اس پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ مذہبی آزادی آئین پاکستان نے دی ہے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کا درس دیا اور ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ ملک کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کیلئے اتحاد امت ضروری ہے ۔