رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے تونسہ شریف میں سردار امجد فاروق کھوسہ ممبر قومی اسمبلی کے ڈیرے پر خود کش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیان کیا : عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں نہ کہ صرف طفل تسلیوں اور بلند و بانگ دعوئوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف بنایا جائے ۔ افسوس کہ آج تک جتنے بھی سانحات رونما ہوئے قوم کو ان حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ملک میں علماء، ڈاکٹرز، انجینئرز، ججز، سیاستدان ، بیورکریٹس ، وکلاء، صحافی، اقلیتی برادری سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ۔ مساجد و امام بارگاہوں اور سیاسی ڈیروں سے لے کر اعلیٰ سرکاری اداروں تک تمام دہشت گردی کی کارروائیوں سے محفوظ نہیں ہے ۔
انہوں نے بیان کیا : محرم الحرام کی آمد سے قبل نیشنل ایکشن پلان اور ملک میں جاری ضرب عضب آپریشن کے بعد بھی پنجاب میں اس قسم کے واقعات کا رونما ہونا باعث تشویش ہے جس کے باعث ریاستی اداروں کی کارکردگی پر شہریوں کے ذہنوں میں بہت سے سوالات جنم لے رہے ہیں کہ واقع رونما ہو نے سے قبل دہشتگرد اور ان کے سہولت کار کیوں نہیں پکڑے جاتے ؟ کیا واقعہ رونما ہونے سے قبل مجروموں کا پتہ نہ چلنا انٹیلی جنس کی کمزوری نہیں ہے؟
حجت الاسلام عارف حیسن واحدی نے کہا : ملک دشمن عناصر جب چاہیں جہاں چاہیں اپنی کارروائی کرکے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں اس سلسلے میں اداروں کو دہشتگردوں کے خلاف مزید سنجیدہ اقداما ت اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔ جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے بھی تونسہ شریف سردار امجد فاروق کھوسہ ممبر قومی اسمبلی کے ڈیرے پر خود کش بم حملے کی شدید مذمت کی اور بم دھماکے میں تونسہ شریف کی سیاسی شخصیت اور بلامقابلہ منتخب ہونے والے چیرمین ملک ضمیر الحسن سانگھی ، ملک افتخار حسین سانگھی اور ملک منیر حسین سانگھی سمیت دیگر افراد کی شہادت پر ان کے لواحقین سے انتہائی دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اورزخمیوں کیلئے شفایابی کی دعا کی اور مطالبہ کیا واقعہ میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتارکر کے کیفرو کرادر تک پہنچایا جائے۔