13 October 2015 - 17:05
News ID: 8553
فونت
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری :
رسا نیوز ایجنسی ـ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : بلدیاتی الیکشن کا محرم الحرام کے مقدس ایام میں انعقاد افسوس ناک ہیں۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفري


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کیتھولک گارڈن کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ہم ملک بھر میں نواسہ رسولؐ کی عزاداری پر کسی قسم کے دباؤ یا پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، ملت تشیع اپنے اس آئینی و قانونی حق سے ایک اینچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : پنجاب میں ملت جعفریہ کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے ناعاقبت اندیش حکمران سیاسی انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، علماء کرام و ذاکرین پر ضلع بندیاں ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں، ہم پاکستان کے محب وطن شہری اور یہاں کے باسی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نہیں رہتے۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : پنجاب میں دہشتگرد مخالف شیعہ سنی مکتب فکر کو چند مٹھی بھر تکفیری دہشتگردوں کی خوشنودی کیلئے حکومت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کو درود و سلام اور عزاداری نواسہ رسولؐ کے خلاف استعمال کر رہی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : نواز لیگ کے قائدین سن لیں، اگر ان کا یہ عزاداری مخالف رویہ برقرار رہا، تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : بلدیاتی الیکشن کا محرم الحرام کے مقدس ایام میں انعقاد افسوس ناک ہیں۔

انہوں نے کہا : سندھ حکومت بھی عزاداروں کو درپیش مشکلات کے حل میں سنجیدہ نہیں، ہم محرم الحرام میں اندرون سندھ سکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہیں، سندھ کے ضعیف العمر وزیراعلٰی حکومتی امور چلانے کے اہل نہیں رہے، گذشتہ محرم الحرام میں اندرون سندھ عزاداروں کے خلاف ساڑھے تین سو سے زائد ایف آئی آر درج کیں، ہم ان نااہل حکمران کی سازشوں سے بخوبی واقف ہیں۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے الیکشن کمیشن اور اعلٰی عدالتوں سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ایام عزا کے بعد کروایا جائے۔

انہوں نے بیان کیا : لاہور میں حالیہ الیکشن میں الیکشن کمیشن کی بے بسی لمحہ فکریہ ہے، نواز حکومت آپریشن ضرب عضب کو خراب کرنے کے در پے ہے، آپریشن میں بیجا حکومتی مداخلت سے تکفیری ایجنڈے کی پروموشن کی جا رہی ہے، سکیورٹی اداروں کو چاہئے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں تکفیری دہشتگرد گروہوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کریں۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے تاکید کرتے ہوئے کہا : لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت شیعہ و سنی علماء کرام و ذاکرین کے خلاف مقدمات کو ختم کیا جائے، ورنہ ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬