رسا نیوز ایجنسی کی فلسطینی خبر رساں ایجنسی سے رپورٹ کے مطابق، غاصب صہیونی فوجیوں نے فلسطینی خاتون کو غرب اردن کے شہر نابلس میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ جاں بحق ہوگئیں ۔
صیہونی حکام نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ فلسطینی خاتون صہیونی فوجیوں پر حملہ کرنا چاہتی تھی۔ صیہونی فوجی ایسے ہی بہانوں سے اکثر فلسطینیوں خواتین اور نوجوانوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ صہیونی فوجیوں نے غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر حملہ کرکے چوبیس فلسطینیوں کو اغوا بھی کرلیا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی خواتین نے تل ابیب میں صیہونی حکومت کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔
مقبوضہ فلسطین کی خواتین نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نتنیاہو کے دفتر کے باہر اجتماع کرکے صیہونی حکومت کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کی مذمت کی ۔
مظاہرے کا اہتمام مقبوضہ فلسطین کی صلح کی حامی خواتین کی تنظیم نے کیا تھا ، ان خواتین نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعرات کو صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دفتر کے باہر کیمپ لگائیں گی اوراس مہینے کے اختتام تک وہ وہاں دھرنے پر بیٹھیں گی جس کے بعد وہ صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کی جانب مارچ کریں گی ۔
مقبوضہ فلسطین کی خواتین کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ صلح چاہتی ہیں جس کے لئے وہ اسرائیلی حکومت اور پارلیمنٹ پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔/۹۸۸/ن۹۴۰