رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے اعلان کیا کہ امریکی اتحاد کے طیاروں نے موصل جدید نامی علاقے میں تین رہائشی مکانات پر جن میں پناہ گزینوں نے پناہ لے رکھی تھی، بمباری کر دی- مذکورہ سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ امریکی اتحاد کے طیاروں کے حملوں میں تباہ ہونے والے ایک مکان کے ملبے سے ایک سو تیس عام شہریوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دو دیگر گھروں پر ہوئی بمباری میں بھی کم سے کم سو عام شہری جاں بحق ہو گئے-
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ موصل جدید کے علاقے میں رحما اسپتال کے قریب بمباری سے تباہ ہوئے مکانات کے ملبے سے لاشوں کو نکالنے کا کام جاری ہے- امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ امریکی اتحاد کے طیاروں نے یہ حملہ سولہ مارچ کو کیا تھا-
مقامی حکام اور سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت امریکی اتحاد کے طیاروں نے یہ حملہ کیا اسی وقت ان مکانات کے قریب دھماکہ خیز مواد سے لدے ہوئے ایک ٹرک میں زبردست دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی-
ایک ہفتے قبل بھی موصل کے قریب امریکی طیاروں نے ایک رہائشی علاقے پر بمباری کی تھی جس میں تیس رہائشی مکانات تباہ ہو گئے تھے- موصل کے مغرب میں تازہ ہوائی حملے کے بارے میں امریکی اتحاد کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰