
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور کی پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرفی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ امن کمیٹی سے رمضان کے حوالے سے میٹنگ اہتمام کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کی بہتری اور امن برقرار رکھنے میں علماء اپنا کردار ادا کریں۔ پولیس لائنز میں منعقدہ میٹنگ میں ایس پی سکیورٹی عبادت نثار، ایس پی ہیڈ کوارٹر عاطف نذیر، امن کمیٹی کے رکن آغا شاہ حسین، افسر رضا خان، سید اسد عباس، سید حسنین زیدی، لعل مہدی خان اور مفتی انتخاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے علماء کرام کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر حیدر اشرف کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں 12 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے جبکہ لاہور میں 3 ہزار کے قریب مساجد اور امام بارگاہیں ہیں جن کو سکیورٹی کے لحاظ سے 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔ میٹنگ میں علماء کرام نے ڈی آئی جی کو یقین دہانی کرائی کہ سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے پولیس کا ہر ممکن ساتھ دیں گے۔ اجلاس میں یوم علی(ع) کے جلوس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ یوم علی (ع) کے موقع پر لاہور پولیس ہر ممکن سکیورٹی انتظامات کرے گی۔ اس حوالے سے باقاعدہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ ہوا جو جلوس سے قبل تمام معاملات کا جائزہ لے گی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰