رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غزہ کے سرحدی علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے مزید ۱۳ فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں گزشتہ روز سب سے بڑے فلسطینی مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ کے بعد کشیدگی جاری ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز اسرائیل کی سرحد پر لگائی گئی باڑ کی جانب لاکھوں فلسطینوں کے مارچ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 فلسطینی جاں بحق اور 1400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 758 کو براہ راست گولیاں لگی تھیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے اسرائیلی اقدامات پر احتجاج کیا تھا اور ہفتے کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔
ایران اور ترکی نے اس حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/