27 April 2018 - 15:08
News ID: 435719
فونت
سید علی شاہ گیلانی :
جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن اور خوشحالی کی واحد ضمانت مسئلہ کشمیر کا عوامی امنگوں کے مطابق حل نکالے جانے میں مضمر ہے۔
سید علی شاہ گیلانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے پاکستان کے صدر ممنون حسین کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن اور خوشحالی کی واحد ضمانت مسئلہ کشمیر کا عوامی امنگوں کے مطابق حل نکالے جانے میں مضمر ہے۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے پاکستان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے اقوامِ متحدہ کی مسلّمہ قراردادوں کو اصولی طور تسلیم کرتے ہوئے تحریک حقِ خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو جاری رکھنے کا شکریہ ادا کیا۔

حریت کانفرنس (گ) چیئرمین نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اصولی موقف اور ہماری پُرامن سیاسی جدوجہد میں مکمل طور پر ہم آہنگی موجود ہے۔

سید عی گیلانی نے بھارت کی غیر سنجیدگی، ضد اور ہٹ دھرمی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے میز پر اس وقت بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی طرف سے پیش کردہ قرارداد من و عن حل طلب صورت میں موجود ہے اور بھارت اس حقیقت سے انکار کرتے ہوئے تاریخی حقائق کو جھٹلانے کا بھونڈا مذاق کر رہا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی طرف سے منظور شدہ قراردادوں کے آئینے میں حل کرنے کے لئے بھارت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے رائے شماری کے جمہوری اور پُرامن فارمولے کو تسلیم کرنے کے لئے آمادہ کریں۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے ریاستی عوام کی طرف سے دی جانے والی ان انمول قربانیوں کے تناظر میں کہا کہ وقت آگیا ہے جب اقوامِ متحدہ سے وابستہ ممالک کے علاوہ آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز (OIC) جیسے معتبر اداروں کو بھارت پر اپنا سیاسی اور سفارتی دباؤ بڑھانے کے لئے آگے آنا چاہیے، تاکہ برصغیر کے ڈیڑھ ارب سے زائد انسانی آبادی کو کِسی امکانی جوہری تصادم کے نتیجے میں ہولناک تباہیوں سے بچنے کی تدبیر کی جاسکے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬