
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر عراق کے عتبات عالیات یا مقدس روضوں کے متولیوں نے آستان قدس رضوی کے متولی کو فون کرکے عشرہ کرامت اور حضرت ثا من الحجج کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکبا دپیش کی اور باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا۔
ان ٹیلی فونی رابطوں میں آستان قدس رضوی کے متولی نے حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آستان قدس رضوی کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے انجام دیئے گئے اقدامات کو بھی مختصر طور پر بیان کیا۔
ان ٹیلی فونی رابطوں اور بات چیت میں حضرت امام علی (ع) کے آستان مقدس ،حضرت امام حسین (ع) کے آستان مقدس ،حضرت ابالفضل العباس(ع) کے آستان مقدس، امامین کاظمین (ع) کے آستان مقدس اور امامین عسکریین (ع) کے آستان مقدس کے متولیوں نے حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے آستان قدس رضوی کے متولی کو مبارک باد پیش کی اور کورونا وائرس کی روک تھام اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے ان مقدس رضوں کی انتظامیہ کے اقدامات اور خاص طور پر عراق کی صورتحال کو بھی مختصر طورپر بیان کیا۔
اس بات چیت میں آستان قدس رضوی کے متولی نے عراق کے مقدس مزارات کے متولیوں کو اس طرح کی پرمسرت مناسبتوں پر زائرین کی میزبانی کرنے پرخوشی اور کورونا کی وجہ سے امام رضا علیہ السلام کے حرم میں مہمانوں کی میزبانی نہ کرپانے پر افسوس کا اظہار کیا ۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے ڈاکٹر حیدر الشمری کو حرم امامین کاظمین کا متولی بنائے جانے پر جو عراق کے شیعہ وقف بورڈ کے صدر بھی ہیں انہيں مبارکبادپیش کی اور ایران و عراق کے مقدس مزارات کے مابین زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا ۔