رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے جنرل سکریٹری مولانا محمد امین انصاری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ راولپنڈی پریس کلب میں «بیت المقدس کی آزادی بیداری ملت کی متقاضی» کے عنوان سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اسرائیل فلسطین تنازعہ کے حل کیلئے بیت المقدس پر اسرائیلی تسلط کا خاتمہ ضروری ہے۔
مولانا انصاری نے یہ کہتے ہوئے کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے لئے امریکی ثالثی عالم اسلام کو قبول نہیں کہا: امریکہ کا ھمیشہ اسلام اور مسلمانوں کے حوالے دوہرا اور جانبدارانہ کردار رہا ہے، امریکہ و اسرائیل کی اسلام و مسلمانوں کے خلاف ریشہ دوانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔
انہوں ںے مزید کہا: فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کے لئے یوم القدس منانا امام خمینی(رہ) کا دور اندیش اقدام تھا جو ہماری دینی ملی اور اخلاقی غیرت کا تقاضا بھی ہے۔
مولانا انصاری نے جمعۃ الوداع کو پورے ملک میں فلسطینی مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف یوم القدس منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: راولپنڈی اسلام آباد کی بیشتر مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیل و امریکہ کے خلاف مذمتی قراردادوں کی منظوری کے ساتھ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔