29 August 2013 - 15:17
News ID: 5857
فونت
حجت الاسلام سید ساجد نقوی:
رسا نیوز ایجنسی – حجت الاسلام سید ساجد نقوی نے پاکستان کے سابق شیعہ رہنما مرحوم مفتی جعفر حسین کی 30 ویں برسی پر ارسال کردہ پیغام میں کہا: مفتی جعفر حسین نے شیعوں کے ساتھ دوسروں کے حقوق کی بھی حفاظت کی ۔
حجت الاسلام سيد ساجد نقوي:

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد نقوی نے پاکستان کے سابق شیعہ رہنما اور قائد مرحوم مفتی جعفر حسین کی 30 ویں برسی پر ارسال کردہ پیغام میں کہا : مفتی جعفر حسین ایک حقیقت پسند رہنما تھے، انہوں نے اعتدال پسندی، اتحاد و یکجہتی اور صاف ستھری سیاست کے گہرے نقوش چھوڑے جو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔


شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے یہ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قائد مرحوم مفتی جعفر حسین نے عوام کے حقوق کے لئے جو جدوجہد کی وہ اپنی مثال آپ تھی، جس میں پاکستانیت کا عنصر غالب رہا کہا: مفتی جعفر حسین نے شدت پسندی اور شرپسندی کی نفی کرتے ہوئے اعتدال اور اتحاد کو مدنظر رکھا، ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل پر آواز بلند کی اور عوام کے جذبات کی ترجمانی اپنے اصولی موقف کے ذریعے کی، آپ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور حقیقی جمہوریت کی عدم دستیابی پر ہر وقت پریشان رہتے تھے، کیونکہ سیاسی عدم استحکام کو ملک کی بقاء کے لئے نقصان دہ سمجھتے تھے، اسی روش اور جدوجہد کو مشعل راہ بنا کر یہ کارواں اب بھی سوئے منزل گامزن ہے۔


حجت الاسلام نقوی نے یہ کہتے ہوئے کہ مفتی جعفر حسین ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنے کے خواہشمند تھے اور اس بات پر متفکر تھے کہ اگر آئین و قانون کو بالادستی حاصل نہ ہوسکی تو ملک شرپسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں آکر تباہی کی طرف چلا جائے گا کہا: ان کی دوراندیشی اور وسیع سوچ آج کے حالات واضح کرتی ہے، ان حقیقتوں پر غور کیا جائے۔
 
پاکستان کے اس نامور شیعہ عالم دین نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دور آمریت میں پیرانہ سالی کے باوجود اپنے جائز اور دستوری حقوق کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا مفتی جعفر حسین کا خاصا تھا کہا: مفتی جعفر حسین نے نہ صرف شیعہ عوام کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ کیا بلکہ ملک میں بسنے والے دیگر عوام کے حقوق کی بھی حفاظت کی اور سب پر واضح کیا کہ جبر و ظلم کے ذریعہ کسی کے جائز حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالا جاسکتا۔


قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مرحوم مفتی جعفر حسین کی ملی، قومی، مذہبی اور علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علامہ مفتی جعفر حسین کی مثبت، تعمیری اور حب الوطنی پر مبنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکی سلامتی اور قومی وحدت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬