رسا نیوز ایجنسی کا قائد انقلاب اسلامی کے خبر رساں سائیٹ سے منقول رپورٹ کے مطابق تہران کے دورے پر آئے عراق کے وزیر اعظم نوری مالکی نے جمعرات کو قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عراق کے ساتھ تعلقات کی توسیع میں کسی بھی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔
اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے ایران اور عراق کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کی تقویت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ مختلف شعبوں میں روز افزوں تعاون کا میدان بہت ہی وسیع ہے اور عراق کے ساتھ تعلقات کی توسیع اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے راستے میں کسی بھی طر کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے -
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ پچھلے چند برسوں میں ایران میں علم و سائنس کی ترقی بہت ہی شاندار رہی ہے اور عراق کو ایران کے سائنسی تجربات کی منتقلی دونوں ملکوں کے تعاون کا ایک اہم میدان ثابت ہو سکتی ہے –
قائد انقلاب اسلامی نے عراقی حکومت کی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ لوگ اپنے ملک کے لئے جو کام انجام دے رہے ہیں وہ بہت ہی اہم ہے البتہ عراق کی ضرورتیں اس سے کہیں زیادہ ہیں -
قائد انقلاب اسلامی نے عراق کے صدر جلال طالبانی کو جو چند مہینوں سے زیر علاج ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کا اچھا اور گہرا دوست بتایا اور ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی -
عراقی وزیر اعظم نوری مالکی نے بھی اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ تہران میں ہونے والے مذاکرات اور سمجھوتے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کا باعث قرار پائیں گے ۔