30 July 2014 - 06:56
News ID: 7076
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے عید الفطر کے موقع ہر ارسال کردہ پیغام میں:
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد ملت جعفریہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب نے غزہ پر اسرائیلی مظالم ، وحشت و بربریت اور سینکڑوں مسلمانوں سمیت خواتین اور بچوں کے بیدردی سے قتل عام کی وجہ سے اسلامیان عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الفطر کو انتہائی سادگی سے منائیں۔
قائد ملت جعفريہ پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے حالیہ دنوں میں غزہ  پر اسرائیلی مظالم ، وحشت و بربریت اور سینکڑوں مسلمانوں سمیت خواتین اور بچوں کے بیدردی سے قتل عام کی وجہ سے اسلامیان عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الفطر کو انتہائی سادگی سے منائیں۔

بانی پاکستان، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے وقت ہی جس صہیونی ریاست کو غیر قانونی اور غاصب قرار دیا ہے وہ آج بھی اسرائیل کی صورت میں نہ صرف بیت المقدس پر اپنے خونی پنجے گاڑے ہوئے ہے بلکہ اسکی جارحیت کے سبب ماہ رمبارک مضان کے باوجودگذشتہ 20  روز میں زمینی و فضائی حملوں میں سینکڑوں معصوم انسانی جانیں لقمہ اجل بن گئیں

عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں حجت الاسلام ساجد نقوی نے بیان کیا : مختلف مذاہب ، معاشروں، تہذیبوں اور خطوں میں عید کا تصور مختلف اور جدا ہے جس کے بعض پہلووں سے اتفاق اور بعض سے اختلاف کیا جا سکتا ہے اگرچہ عید کا عمومی اور دنیاوی تصور فقط خوشی، نشاط، سرگرمی، گرمجوشی اور مسرت کے ساتھ مربوط نظر آتا ہی۔لیکن اسلام میں عید کا تصور قدرے حسین ، مسحور کن ، جاذب اور دنیوی و اخروی لحاظ سے فائدہ مند بنایا گیا ہے ۔

مسلمانوں کے یہاں عید کے موقع پر بھر پور زندگی سے لطف اندوز ہوئے خداتعالی کی عبودیت اور اس کی نعمات کا شکر ادا کیا جاتا ہے۔ خدا کی اطاعت اور عبادات کے بعد سرخروئی کا اظہار کیا جاتا ہے اور ایسے امور سے مکمل پرہیز اختیار کرنے کا عہد کیا جاتا ہے جنہیں شریعت نے حرام قرار دیا ہے۔چنانچہ قول معصوم ع کی روشنی میں مومن کے لئے ہر وہ دن عید قرار پایا ہے جس روز وہ معصیت خدا نہ کری۔

حجت الاسلام ساجد نقوی نے وضاحت کی : عید کا دن ہمیں اتحاد جیسے قرآنی اور نبوی فریضے کی طرف رہنمائی کرتا ہے جس د ن تمام امت مسلمہ بلا تفریق مسلک و فرقہ عید کی خوشیاں مناتی ہے اور مسلمان ایک دوسرے کے گلے مل کر مبارک باد دیتے ہیں۔ خوشی کا یہ موقع وحدت کا ایک عظیم مظاہرہ بھی ہے۔

انہوں نے بیان کیا : در اصل عید کے موقع پر مبارک باد کے مستحق ہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اتحاد جیسے عظیم فریضے کے لئے کام کیا اور قربانیاں دیں۔ ہمیں اس اتحاد کو آئندہ عید تک اسی جوش و جذبے اور خلوص و ولولے کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا تاکہ ہم اسلامی طبقات میں اتحاد پیدا کرکے معاشرے کو مسائل و جرائم سے پاک کرسکیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ  وطن عزیز پاکستان کا المیہ ہے کہ یہاں اگرچہ عید کا دن تو ہرسال اپنی روایت کے مطابق طلوع ہوتا ہے لیکن حقیقی عید کا تصور ابھی قائم نہیں ہو سکا اور ہم نے ابھی اصلی آزادی اور اصلی عید کا لطف نہیں اٹھایا  ہر سال کی طرح حالیہ عید پر بھی ہمیں غربت، جہالت، معاشرتی اور تعلیمی مسائل، مختلف امراض، جرائم اور امن و امان  خاص طور پر دہشت گردی، بدامنی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے تاکید کی : ہمیں عید الفطر کے دن اس عہد کی بھی تجدید کرنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز کے تمام مکاتب فکر کی مشترکہ جدوجہد کے ثمرات و نتائج کو محفوظ رکھیں گی، ملک کو عادلانہ مملکت بنانے کے لئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے اور سینکڑوں مشترکات کے ہوتے ہوئے  باہمی اخوت، اتحاد و وحدت اور محبت و بھائی چارے کا سفر جاری رکھیں گے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬