17 December 2014 - 16:40
News ID: 7596
فونت
امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن پاکستان:
رسا نیوز ایجنسی - تہور حیدری نے پشاور آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: پشاور سانحہ تعلیم اور علم دشمن عناصر کی کارروائی ہے ۔
آئي ايس او


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے پشاور آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردانہ حملہ کے نتیجہ میں سیکڑوں معصوم بچوں کی شھادت پر سخت رد عمل کا اظھار کیا ۔


تہور حیدری نے دہشت گردی کے واقعات کو حکومتی رٹ کیلئے چیلنج اور اسے ملک کے خلاف سازش بتاتے ہوئے کہا: قاتلوں کا اسلام و انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، واقعہ سفاکیت کی انتہاء ہے، آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے ۔


انہوں نے پشاور میں نہتے اور معصوم طلباء کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا : پشاور واقعہ تعلیم اور علم دشمن عناصر کی کارروائی ہے، ظالمان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ملک میں امن و امان ممکن نہیں، اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جاہل و سفاک صفت عناصر نے علم دوست طبقہ پر حملہ کر کے اپنی جہالت و حیوانیت کا ثبوت دیا ہے۔


تہور حیدری نے اس بات کی تاکید کرتے ہوئے کہ داعش کے حامیوں کے خلاف بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ملک بڑی تباہی سے دو چار ہوسکتا ہے کہا: آئی ایس او پاکستان کے زیر اہتمام کراچی، پشاور، ملتان، راولپنڈی، لاہور اور ملک کے دیگر اہم مقامات پر اس پرسوز واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے کیونکہ ہم ہر ظالم و سفاک کے خلاف ہیں اور مظلوم کے حامی ہیں۔


انہوں نے پیشاور سانحہ کو سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بھی بہت بڑا سوالیہ نشان بتاتے ہوئے کہا: دہشت گردی کے واقعات حکومتی رٹ کیلئے چیلنج اور وطن عزیز پاکستان کے خلاف گہری سازش ہیں۔ 
 

تہور حیدری نے یہ کہتے ہوئے کہ معاشرے سے دانشور طبقہ کو ختم کرنے کی مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں مگر دہشتگرد اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کہا : پاکستانی عوام ایسی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے جو پاکستان کے امن کو خراب کرنے کا باعث بنے گا۔ 


دوسری جانب آئی ایس او پشاور ڈویژن کے سکریٹری اطلاعات علی جان طوری نے ایک مذمتی بیان میں پشاور آرمی پبلک اسکول سانحہ کو ظلم اور بربریت کی بدترین مثال بتایا اور کہا: دہشت گردوں کی جانب سے تعلیمی اداروں پر حملے علم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


انہوں نے مزید کہا: حکومت دعوے چھوڑ کر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرے تاکہ مستقبل میں اِس جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوسکیں ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬