رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان نے گلگت بلتستان کے حالیہ الیکشن میں تمام حلقوں سے اُمید وار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تحریک جعفریہ پاکستان ماضی میں گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی رہی ہے۔ آئندہ الیکشن میں بھی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں بننے والی حالیہ عبوری سیٹ اپ پر ہمارے تحفظات ہیں۔ اپنے تحفظات سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔
انہوں نے بیان کیا : ماضی کی طرح اس بار بھی ہماری جماعت انشاللہ گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی ۔ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق سمیت ملک کا پانچواں آئینی صوبہ بنانا ہماری اولیں ترجیح ہوگی ۔
ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : اب تک کسی بھی سیاسی پارٹی سے اتحاد والی بات قبل از وقت ہوگی ۔ اگر کسی بھی سیاسی پارٹی سے اتحاد کرینگے تو گلگت بلتستان کے مرکزی قائدین، عہدیداران و کارکناں سے مشاورت کر کے ہی کرینگے ۔
انہوں نے کہا : ہماری جماعت کی اولین ترجیح گلگت بلتستان کو ملک کو پانچواں آئینی صوبہ اور علاقہ کے احساس محرومی کا خاتمہ اور عوام کو ان کے حقوق دلانا ہے ۔ ماضی میں جب گلگت بلتستان میں تحریک جعفریہ کی حکومت بنی تو علاقے میں امن امان مثالی رہا اور ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے تھے ۔ انشا ﷲ آئندہ بھی حکومت بنانے کے بعد ہرفورم پرگلگت بلتستان کے عوام کی نمائندگی کرینگے اور عوامی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیںگے ۔