رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں ہونے والی جشن نزول قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قرآن کو وحدت المسلمین کا آئینہ دار بتایا ۔
انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ خالق کائنات نے قرآن کی صورت میں آئین زندگی خاتم الانبیا ء محمد مصطفیٰ کے قلب اطہر پر اتارا ،اس میں ہمارے ہر مسئلہ کا حل ہے کہا: قرآن بیدار ی کا پیام ہے، قرآن وحدت کا پیغام ہے، قرآن سے انس و محبت کرنا خدا اور رسول و اہلبیت اطہار سے عشق و محبت کرنا ہے، جس نے قرآن کو اپنا لیا اسے صحرائوں اور پہاڑوں میں بھی رہنمائی ملے گی اور جس نے قرآن کو پس پشت ڈال دیا اس نے ہلاکت و تباہی کو اپنے اوپر مسلط کر لیا ہے ۔
حجت الاسلام جعفری نے یہ کہتے ہوئے کہ قرآن کتاب ہدایت ہے، جس نے قرآن کو تھام لیا وہ فلاح پا گیا کہا: امت مسلمہ کی نجات کا واحد ذریعہ قرآن ہے، قرآن ایسا چراغ ہے جو بجھنے والا نہیں، قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے، قرآن پر عمل کر کے ہی ہم اپنے سیاسی، اجتماعی، معاشرتی مسائل کو حل کر سکتے ہیں ۔
اس کانفرنس کے دوسرے مقرر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے یہ کہتے ہوئے کہ امت مسلمہ اگر قرآن کو اپنے لئے آئین و دستور بنائیں تو دنیا کا نقشہ تبدیل ہوسکتا ہے کہا: قرآن نکتہ اتحاد امت اور وحدت المسلمین کا آئینہ دار ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم پر وہ حکمران مسلط ہیں جنہوں نے قرآن کو پس پشت ڈال رکھا ہے اگر اسلامی ممالک کے حکمران قرآن کے طارق نا ہوتے تو امت مسلمہ اس طرح خوار نہ ہوتی۔
جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے یہ بتاتے ہوئے کہ قرآن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کی حفاظت کی ذمہ داری خدا نے لی ہے، قرآن کا اپنی اصل شکل میں موجود ہونا ہمارے لئے باعث فخر و اطمینان ہے کہا: دوسری آسمانی کتابوں میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں آ چکی ہیں مگر قرآن اسی شکل میں موجود ہے جس شکل میں قلب اطہر رسول آخر پر نازل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا: جو لوگ قرآن کے متن میں تمام تر سازشوں کے باوجود تحریف نہیں کر سکے وہ آج اس کی غلط و من مانی تعبیر کے ذریعے تحریف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
راغب نعیمی نے اس بات کی تاکید کرتے ہوئے کہ اگر امت مسلمہ قرآن اور اہلیبیت سے متمسک ہو جائے تو یقنا دہشت گرد و تکفیری گروہ قرآن کی آیات مطاہرہ کو گلے کاٹتے ہوئے، بے گناہوں کو خون میں نہلاتے ہوئے اور انسانوں کی لاشوں کی توہین کرتے ہوئے استعمال کر رہے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں نشر کر رہے ہیں کہا: اس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کتاب ہدایت و رہنمائی سے دنیا کو بیزار کیا جائے ، امت مسلمہ کو ایسے تکفیری و اسلام دشمن ایجنٹوں کی سازشوں کو سمجھنا ہوگا اور انہیں ناکام بنانے کی حکمت عملی بنانا ہوگی ۔