رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی جمعیت الوفاق کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام شیخ علی سلمان کے مقدمے کی سماعت کا غیر ملکی سفارتخانوں کے نمائندوں کی موجودگی میں آغاز ہوا ۔
بحرین کی کریمنل کورٹ نے جون دوہزار پندرہ میں بھی شیخ علی سلمان پر وزارت داخلہ کی توہین اور بیرونی حکومتوں سے تعاون کے الزام میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی لیکن حجت الاسلام شیخ علی سلمان اور جمعیت الوفاق نے ان الزامات کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے ۔
بحرین کے مختلف شہروں کے باشندے ہر روز اپنے مظاھرات کے ذریعہ حجت الاسلام شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آج تک عوام کی پرامن انقلابی تحریک جاری ہے ، بحرینی عوام اپنے ملک میں جمہوریت، آزادی اور سیاسی اصلاحات کے خواھاں ہیں ۔
آل خلیفہ کی حکومت کے کارندوں اور سعودی فوجیوں نے اس عرصے میں بحرینی عوام کی حریت پسندانہ آواز کو دبانے کے لئے سیکڑوں شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے ۔