31 July 2017 - 17:14
News ID: 429265
فونت
کراچی پاکستان:
احیاء شہداء کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ حسن ترابی کسی ایک فرقے کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا عالم تھا، اُن کی پوری زندگی کا مقصد اللہ کے دین اور امت رسول کی سر فرازی تھی، متعدد حملوں کے بعد بھی حسن ترابی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہوئے اور شیعہ سنی اتحاد کے مشن کو جاری رکھا جس کی زندہ مثال متحدہ مجلس عمل ہے، حسن ترابی کا فلسفہ جو انہوں نے ہم سب کو دیا وہ ہمارے لئے رہنمائی کا کردار ادا کرتا ہے۔
شہید  حسن ترابی کی برسی

 رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  شہید حسن ترابی فاونڈیشن کی جانب سے شہید حسن ترابی کی 11 ویں برسی کی مناسبت سے احیاء شہداء کانفرنس بریٹو روڈ نمائش چورنگی پر منعقد ہوئی، جس میں شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، سربراہ امت واحدہ و رکن شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم علامہ امین شہیدی، سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان علامہ عباس کمیلی، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر علماء کرام اور شیعہ تنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے صدارتی خطاب میں حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ حسن ترابی اتحاد کے داعی تھے، مرتے دم تک انہوں نے اتحاد بین مسلمین کی کوششوں کو جاری رکھا، اُن کی کاوشوں کو ملت جعفریہ اور دیگر مسالک کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

حجت الاسلام احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ حسن ترابی جب تک زندہ رہے دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا، آج خانوادہ شہید کے بچوں نے بہت اچھا گلدستہ سجایا ہے جو سب کے لئے نمونہ عمل ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ حسن ترابی کسی ایک فرقے کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا عالم تھا، اُن کی پوری زندگی کا مقصد اللہ کے دین اور امت رسول کی سرفرازی تھی، متعدد حملوں کے بعد بھی حسن ترابی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہوئے اور شیعہ سنی اتحاد کو جاری رکھا جس کی زندہ مثال متحدہ مجلس عمل ہے، حسن ترابی کا فلسفہ جو انہوں نے ہم سب کو دیا وہ ہمارے لئے رہنمائی کا کردار ادا کرتا ہے۔

حجت الاسلام محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ شہید حسن ترابی کی شہادت کے بعد دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ وہ اپنے عزائم میں کامیاب ہوگیا، لیکن حسن ترابی نے اتحاد کا جو پیغام ملت کو دیا وہ پیغام آج بھی شیعہ اور سنی کے درمیان نظر آتا ہے، آج کی ہونے والی یہ کانفرنس نے ثابت کردیا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی جھگڑا نہیں۔

عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ اگرچہ آج شہید حسن ترابی ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن اُن کی یاد آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے، شہید نہایت فعال اور عظیم قومی رہنماء تھے، ہر محاز پر ڈٹ جانے والے اور بڑے سے بڑے آمر کے سامنے سینہ سپر رہے، اُن کی جرات اور بہادری کو ہمیشہ ہم نے سلام پیش کیا، شہداء کا خون کبھی فراموش نہیں ہوتا، آج پورے پاکستان کی فضاء بدلی ہوئی ہے آج دہشت گردوں کے حوصلے پشت ہوگئے ہیں، یہ شہداء کے خون کی تاثیر ہے۔

حجت الاسلام مرزا یوسف حسین کا کہنا تھا کہ حسن ترابی اس وقت ہمیں شدت سے یاد آرہے ہیں، وہ ایک بہادر اور اخلاقی جرات والے رہنماء تھے، وہ آج تمام شیعہ سنی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ شہید ترابی کا خون ملت اسلامیہ اور ملت تشیع کے اتحاد و اتفاق کے لئے روز با روز استعمال ہورہا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج یہاں ہر مسلک کا نمائندہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ کانفرنس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امجد صابری، پروفیسر سبط جعفر، پروفیسر شکیل اوج سمیت سو سے زائد شہداء کی خانوادوں نے شرکت کی اور کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنے کے لئے اس طرح کے پروگرام ہونے چاہئیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬