رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی جنرل سکریٹری حجت الاسلام محمد امین شہیدی نے «دفاع وطن کنونشن» کے ذمہ داروں اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: پاکستان کا چپہ چپہ دھشت گردی کی اگ میں جھلس رہا ہے لھذا مخلص اور دلسوز اہل وطن ملک کی سلامتی اور بقا کی کوشش کریں ۔
حجت الاسلام شہیدی نے یہ کہتے ہوئے کہ «دفاع وطن کنونشن» میں ایک لاکھ سے زائد وطن کے فرزندان باوفا ملک کی سلامتی کا عزم کریں گے کہا: تمام مسالک اور طبقات دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ بانیان پاکستان کی اولادیں اپنی ذمہ داری کو ادا کریں اور وطن کی سلامتی کیلئے میدان عمل میں حاضر ہوں اور یہ عہد کریں کہ پاکستان کے دفاع اور اس کے تحفظ کیلئے ہم ہر قربانی دیں گے۔
انہوں ںے یہ بیان کرتے ہوئے کہ کنونشن کی سکیورٹی کیلئے چار ہزار وحدت اسکاؤٹس سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے کہا: کنونشن میں خواتین کی بھی تعداد موجود ہوگی۔ کونشن کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ پیش کیا جائیگا جس میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعات، دہشتگردی کیخلاف لائحہ عمل، طالبان سے مذاکرات، شام اور مصر کی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر مؤقف پیش کیا جائیگا۔
ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی جنرل سکریٹری نے کہا: کنونشن سے مجلس وحدت مسلمین کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری کے علاوہ مرکزی قائدین میں سے حجت الاسلام سید حسن ظفر نقوی، حجت الاسلام ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سید محمد رضا سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔