


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے پشاور پاکستان کے گرجاگھر میں ہونے والے خود کش بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ جانا ۔
حجت الاسلام نقوی نے یہ کہتے ہوئے کہ عیسائیوں کی عبادت گاہ پر خود کش حملہ کا واقع قابل افسوس ہیں اور ہم بے گناہ انسانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہیں کہا: دہشت گرد انسان نہیں انسانوں کے روپ میں خونی درندے ہیں جو ملک وقوم کے دشمن ہیں، ان درندوں کا کسی مذہب و مسلک سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے ۔
سرزمین پاکستان کے اس نامور شیعہ رہنما نے تاکید کی : حکومت اس ملک کے پُر امن شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ہر طرف دہشت گردوں کاراج ہے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور ان حالات میں ریاستی اداروں کی خاموشی ملک کے لئے نقصان دہ ہے اگر ریاستی اداروں نے اپنا کردار ادا نہ کیاتو ملک کی سالمیت خطرہ میں پڑ جائے گی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے آخر میں واقعہ پر دلی افسوس کا اظہاراورسانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے سرپرستوں سمیت بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
بعد ازاں انہوں نے واقع میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کو صبر کی تلقین کی اور زخمی افراد کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعائیں بھی کی۔