رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے شیعہ علماء کونسل ضلع گلگت کے ضلعی صدر شیخ شہادت حسین ساجدی کے زیر صدارت وفد سے ملاقات میں گلگت بلتستان کی مقامی ، سیاسی ، مذہبی اور تنظیمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا: عوامی حقوق اور تشیع کے تحفظ کیلئے گلگت بلتستان میں جماعت کو فعال کیا جائے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اس ملاقات میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد علماء کرام کی کاشوں کو سراہتے ہوئے کہا : گلگت بلتستان میں عوام کے بنیادی حقوق کیلئے اسلامی تحریک پاکستان (شیعہ علماء کونسل پاکستان ) کی خدمات قابل قدر ہیں اور ہماری جماعت نے ہمیشہ عوامی حقوق اور قومی و ملی امور میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی عوامی حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
انہوں ںے یہ کہتے ہوئے کہ تنظیمی فعالیت اور تنظیمی امور کو منظم کرنے پر زور دیا اور عوام سے خطاب میں کہا : جتنا ممکن ہو سکے گلگت بلتستان میں جماعت کو فعال کیا جائے تاکہ تشیع کا تحفظ اور عوامی حقوق کا تحفظ کیا جاسکے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے آپسی اتحاد و اتفاق کی تاکید کرتے ہوئے کہا: تمام مسالک کا احترام اور ایک دوسرے کو ایک لڑی میں پرونا، اتحاد و اتفاق کی فضاء کو قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے نیز حکومت کو چاہئے کہ عوام کے بنیادی حقوق فراہم کریں تاکہ ملک میں ایک بہتر فضاء قائم ہوسکے ۔
قابل ذکر ہے کہ اس وفد میں شیعہ علماء کونسل گلگت کے ضلعی صدر شیخ شہادت حسین ساجدی ،جنرل سکریٹری شیخ سلطان علی صابری ، سکریٹری اطلاعات عارف حسین ، ضلع ہنزہ نگر سے شیخ شبیر حسین حکیمی، شیخ گلاب حسین شاکری ، شیخ محمد اقبال توسلی ، راولپنڈی سے شیخ حبیب الحسن سمیت شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما حجت الاسلام شیخ شبیر حسین میثمی ، شیعہ علماء کونسل سندھ کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام سید ناظر عباس تقوی ، شیعہ علماء کونسل کراچی کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام شیخ جعفر سبحانی شامل تھے ۔