16 December 2009 - 09:27
News ID: 686
فونت
قائد انقلاب اسلامی:
رسا نیوز ایجنسی - قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منگل کی شام حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور ان کے ہمراہ تہران آنے والے وفد سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ اور اس کی حمایت کو شرعی و اسلامی فریضہ جانا.

 

رسا نیوزایجنسی کی رھبر معظم کی خبر رساں سائٹ سے منقولہ رپورٹ کے مطابق قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منگل کی شام تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور ان کے ہمراہ تہران آنے والے وفد سے ملاقات میں فلسطینی عوام اور حماس سمیت فلسطینی تنظیموں کی مزاحمت و استقامت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین کے لئے واحد راہ نجات، استقامت و پائیداری، توکل پر خدا اور ساتھ ہی عمل و اقدام ہے۔

 

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین کے مستقبل کو اس سرزمین کے عوام کے خلاف کی جانے والی سختیوں، مظالم اور جرائم کے باوجود تابناک اور امید افزا قرار دیا اور فرمایا: یہ اللہ تعالی کا یقینی وعدہ ہے کہ فتح و تائید الہی کے مستحق وہ افراد ہوں گے جو اللہ تعالی پر ایمان رکھتے اور اس کی راہ میں جہاد کرتے ہیں۔

 

قائد انقلاب اسلامی نے فلسطین میں پیش آنے والے واقعات کے دو پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان واقعات کو تاریخ کے اہم ترین واقعات سے تعبیر کیا۔ آپ نے فرمایا: ان واقعات کا ایک پہلو سخت ترین دباؤ کے سامنے غزہ کے عوام کی پائیداری و ثابت قدمی ہے اور ان کا دوسرا پہلو فلسطینی عوام کے ساتھ بعض بظاہر مسلمان عربوں کی خیانت ہے۔

 

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ دباؤ، دھمکیوں اور سیاسی چالوں کے مقابلے میں حماس کے رہنماؤں کی ثابت قدمی بے حد باارزش ہے۔ آپ نے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ اور اس کی حمایت کو شرعی و اسلامی فریضہ سمجھتا ہے۔

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران کو مسئلہ فلسطین سے لا تعلقی اختیار کرنے پر تیار کرنے کے لئے دشمنوں کی وسیع پیمانے پر جاری کوششوں کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا: دشمنوں نے ہر طریقہ آزمایا لیکن انہیں کچھ بھی ہاتھ نہ آ سکا۔

آپ نے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران سے سامراج کے بغض و عناد کی ایک اہم وجہ مسئلہ فلسطین ہے اور اگر ایران مسئلہ فلسطین میں ذرہ برابر پسپائی اختیار کرتا تو یہ دشمنیاں بہت حد تک کم ہو جاتیں لیکن ہم اس مسئلے میں پامردی کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ملت ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: یہ جو ملت ایران مسئلہ فلسطین کی حمایت پر دل کی گہرائیوں سے یقین رکھتی ہے، امام خمینی رحمت اللہ کی دین ہے جنہوں نے اس موضوع کو ایرانی عوام کے دلوں کی گہرائیوں میں بخوبی اتار دیا۔

آپ نے فرمایا کہ اگر مسئلہ فلسطین کا صحیح حل نکل آئے تو امت مسلمہ کی بہت سی مشکلات دور ہو جائیں گی۔ قائد انقلاب اسلامی نے فلسطینی عوام کو صیہونی حکومت کی تازہ دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر صیہونی حکومت نے غزہ کے عوام کے خلاف نئی جنگ شروع کی تو اس بار اسے اور بھی سخت اور شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور دنیا میں گزشتہ شکست سے زیادہ اس کی رسوائی ہوگی۔

ملاقات میں تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطینی عوام کی حمایت پر مبنی قائد انقلاب اسلامی اور ملت و حکومت ایران کے موقف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے غزہ اور دریائے اردن کے مغربی ساحلی علاقے کے حالات کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ استقامت و مزاحمت، حماس اور دیگر مزاحمتی گروہوں اور فلسطینی عوام کا اسٹریٹیجک انتخاب ہے اور ہم سیاسی و فوجی دباؤ کے سامنے ہرگز ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

انہوں نے غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی تازہ دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر صیہونی حکومت نے غلط قدم اٹھایا اور ایک نئی جنگ شروع کی تو اس دفعہ اسے اور بھی بڑی ہزیمت اٹھانی پڑے گی کیونکہ غزہ کے با ایمان عوام کے اندر تمام تر سختیوں کا سامنا کرنے کے باوجود بائیس روزہ جنگ غزہ کے مقابلے میں اس وقت کہیں زیادہ جوش و ولولہ اور جذبہ استقامت پایا جاتا ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬