رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا : پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاوُن کی ذمہ دار ہے، وزیراعلٰی اپنے وزرا سمیت مستعفی ہو کر گرفتاری دیں، شہباز شریف نے نہتے لوگوں اور خواتین کا قتل عام کرکے ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کی۔
انہوں نے بیان کیا : کوئی بھی باشعور اور غیرت مند انسان خواتین پر ہاتھ نہیں اُٹھاتا، جو ظلم سانحہ ماڈل ٹاوُن کے مظلوموں کیساتھ کیا گیا، اس کا حساب ان ظالم حکمرانوں کو دنیا اور آخرت دونوں میں دینا ہوگا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : ہم ہر ظالم کے خلاف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، مسلم لیگ نون نے جمہوریت کا نام بدنام کیا، آج ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم نے ظالموں کے ظلم پر خاموش رہنا ہے یا مظلوموں کا ساتھ دینا ہے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ ہم آپ پر ہونے والے اس ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے کے خلاف آپ کی ہر جائز قانونی و آئینی جدوجہد میں آپ کیساتھ ہیں۔
قابل ذکر ہے : اے پی سی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام امین شہیدی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے بھی شرکت کی۔