رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الصدر تحریک کے رہنما سید المقتدی الصدر نے تمام دہشت گرد گروہ کو مخاطب کرتے ہوئے بیان کیا : عراق کے مجاہدین داعش پر زمین تنگ کر دیں گے اور انہیں کہیں جائے پناہ نہ ملے گی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ہم نے ماضی میں داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کو پالنے والے ان کے آقا امریکہ سے براہ راست جنگ کی ہے اور اب داعش جیسے تکفیری گروہ ہمارے حوصلوں اور ہماری ہمت میں کمی پیدا نہیں کرسکتے۔
مقتدیٰ صدر نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : ماضی میں صدام ملعون کے دور میں بھی ہم نے سروں پر کفن باندھ کر مقاومت کی اور آج بھی اس جدوجہد کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا : دشمن اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ اسلام کے مقدسات اور شعائر اللہ پر حملہ آور ہوگا اور ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے دیکھتے رہیں گے تو یہ دشمن کی سب سے بڑی بھول ہے۔
الصدر تحریک کے رہنما سید المقتدی الصدر نے داعش کے تکفیری دہشت گردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا : تمھارا انجام شام سے زیادہ بھیانک ہونے والا ہے۔
انہوں نے عراقی عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ عراقی فوج اور مجاہدین کا بھرپور ساتھ دیں اور داعش کے تکفیری دہشت گردوں کو نیست و نابود کر دیں۔
حجت الاسلام سید مقتدی صدر نے بیان کیا : جیش المہدی (عج) اور عراقی افواج داعش کے تکفیری دہشت گردوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑیں گے اور داعش یہ بات جان لے کہ عراق میں ان پر زمین تنگ کر دی جائے گی اور ان کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔