
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر سخت رد عمل کا اظھار کیا ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ رمضان المبارک میں پوری دنیا میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے مگر افسوس یہاں کسی کو توفیق نہیں کہا: ماہ مبارک کا ایک عشرہ گزر گیا مگر مصنوعی مہنگائی پر قابو نہیں کیا جاسکا اور نہ ہی لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہوسکی، حکومت اپنے فرائض کو سمجھے اور عوام کے لئے سستی اشیاء اور بجلی کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی، رمضان المبارک کے دوران پوری دنیا میں اشیائے ضروریہ میں خاطر خواہ کمی ہوتی ہے افسوس پاکستان میں الٹی ہی گنگا بہتی ہے۔
حجت الاسلام واحدی نے یہ کہتے ہوئے کہ لگتا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنیوالے ادارے لمبی تان کر سوئے ہیں اور انہیں غریب عوام کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں کہا: یہ ملک خالصتاً اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر معرض وجو د میں آیا مگر افسوس ماہ صیام میں جہاں مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتاہے وہیں پاکستان میں ناجائز منافع خور حرکت میں آجاتے ہیں اور منہ مانگے دام وصول کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے اس بات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کی بیخ کنی کرے اور ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ کم از کم رمضان المبارک کے باقی ایام میں ہی عوام کو کچھ ریلیف مل سکے کہا: ماہ مبارک سے قبل بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں مگر عین موقع پر عوا م کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا جاتا ہے۔
ایس یو سی پاکستان کے جنرل سکریٹری نے ماہ صیام میں حکومتی وعدوں کے باوجو دلوڈشیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ ظالمانہ اقدام ہے اس لئے حکومت کم از کم ماہ صیام میں عوام کو بجلی کی سہولت سے محروم نہ کرے ۔