رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے القدس کمیٹی راولپنڈی اسلام آباد کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں منعقد عالمی یوم قدس کے جلوس کی انتظامیہ کمیٹی کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے پورے پاکستان میں عالمی یوم قدس منائے جانے کی تاکید کی ۔
اس اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع راولپنڈی کے صدر غلام قاسم جعفری، جنرل سکریٹری نزاکت نقوی، ضلع اسلام آباد کے قائمقام صدر ملک تنویر حیدر، جنرل سکریٹری تصور حسین اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و السلمین سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 25 جولائی 2014 کو جمعۃ الوداع ’’عالمی یوم القدس ‘‘ کے طور پر منائے گی اور اس موقع پر احتجاجی اجتماعات، جلسے و جلوس اور ریلیاں منعقد کرے گی کہا: ان میں اسرائیلی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی اور دنیائے عالم پر واضح کیا جائے گا کہ قبلہ اول بیت المقدس امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے اس کی صہیونی پنجوں سے آزادی اسلامیان عالم کا خواب ہے۔
حجت الاسلام واحدی نے مزید کہا: امت مسلمہ کی وحدت دور حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے ، پاکستان میں اتحاد امت کی عملی مثالیں موجود ہیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و السلمین سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں ہم وحدت کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں اور اس ملک میں اتحاد امت کے بانیان میں سے ہیں ۔
انہوں ںے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ نماز جمعہ کے بعد مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد سے یوم القدس کا جلوس برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آبپارہ چوک میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرلے گا جس سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی، صوبائی اور ریاستی عہدیداران، جعفریہ یوتھ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، انجمن جانثاران اہل بیت، حیدریہ اسکائوٹس، الصادق اسکائوٹس سمیت دیگر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے ۔
شیعہ علماء کونسل راولپنڈی اسلام آباد کے عہدیداران و کارکنان نے یوم القدس کے موقع پر جلوس کے انتظامات میں بھرپور دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے روابط کے بارے میں بتایا اور حیدریہ اسکائوٹس اور الصادق اسکائوٹس کی جانب سے جلوس کے دوران حفاظتی امور انجام دینے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا : آئندہ چند روز میں ضلع راولپنڈی اسلام آباد کے عہدیداران و کارکنان کی افطار پارٹیوں میں پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔