رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام و المسلمین سید حسن نصراللہ نے بعثت رسول اسلام (ص) کے مبارک موقع پر اپنے خطاب میں کہا: آج امت اسلامیہ 1948 کے نکبت سے زیادہ خطرناک نکبت سے دوچار ہے جس کا بانی امریکا اور اسرائیل ہے ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ امریکا ہمیشہ اسلامی ملکوں کی نابودی کے منصوبے پر کام کرتا رہا ہے مسلمان ملکوں کے خلاف امریکی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا : واشنگٹن ہمیشہ اسلامی ملکوں کو کمزور کرنے کی کوششوں میں لگا رہتا ہے۔
حزب اللہ کےسیکریٹری جنرل نے فلسطین پر غاصبانہ قبضے کی برسی یا یوم نکبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : امت اسلامیہ آج انیس سو اڑتالیس کے "نکبت" سے زیادہ خطرناک "نکبت" سے دوچار ہے جس کا بانی امریکا اور اسرائیل ہے-
انہوں نے مزید کہا: امریکا اور اسرائیل داعش جیسے تکفیری دہشت گردگروہوں کو تشکیل دے کر اسلامی ملکوں کو کمزور اور انہیں نابود کرنے کی کوشش کررہے ہیں-
حجت الاسلام و المسلمین سید حسن نصراللہ نے علاقےمیں تکفیری دہشت گردگروہوں کے وحشیانہ اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا : جس طرح سے ماضی میں مسئلہ فلسطین میں برطانوی اور صیہونی منصوبوں کے تحت فلسطینیوں سے غداری اور ان پر ظلم کیا گیا اسی طرح آج ایک بارپھر امریکی- تکفیری "نکبت" کے خیانت آمیز منصوبوں کا ہمیں سامنا ہے جن کا مقصد علاقے کے ملکوں کو کمزور یا پھر نابود کردینا ہے۔
انہوں نے امریکا پر علاقے کے بعض ملکوں کے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: حالیہ برسوں کے تجربات نے ثابت کردیا ہے کہ امریکا پر بھروسہ کرنے کا علاقے کے ملکوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے کیونکہ مغربی ممالک اور امریکا صرف اپنے مفادات کی فکر میں رہتے ہیں-
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے شام اور لبنان کے سرحدی علاقوں اور خاص طور پر القلمون کےعلاقے میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے شامی فوج اور حزب اللہ کی مشترکہ کاروائیوں کے بارے میں کہا : ان کاروائیوں کے نتیجے میں اس علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا اور ان کے ہتھیاروں کےگوداموں کو بھی تباہ کردیا گیا -
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ القلمون کےعلاقے میں دہشت گردوں کا صفایا کر کے شام اور لبنان کے سرحدی علاقوں کے شہروں اور دیہاتوں میں امن پوری طرح بحال کردیا گیا ہے کہا: القلمون کی جنگ میں شامی اور لبنانی جیالے تکفیری دہشت گردوں کےمقابلے میں امت اسلامیہ کے دفاع میں متحد ہوئے ہیں-
سید حسن نصراللہ نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کہ آل سعود نے یمن کے عوام پر جنگ مسلط کرکے یمن اور علاقےکے عوام کے نزدیک اپنی حیثیت اور اعتبار کھودیا ہے کہا : یمن میں سعودی فوج کے ہاتھوں بڑی تعداد میں عام شہریوں کے قتل عام ، رہائشی مکانات اورب نیادی تنصیبات کی تباہی جیسے سعودی عرب کے سنگین جرائم کا صرف فلسطینی عوام پرصیہوںی حکومت کےہی وحشیانہ مظالم سےموازنہ کیاجاسکتا ہے-
انہوں نے اپنی جسمانی صحت کے بارے میں اغیارکے ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈوں کو بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا : اس قسم کے پروپیگنڈوں کامقصد صیہونیت مخالف مزاحمتی قوتوں کے جوانوں کےحوصلے پست کرنے کے لئےایک نفسیاتی جنگ چھیڑنا ہے۔