29 July 2017 - 14:11
News ID: 429233
فونت
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان:
پی ایل ایف کے تحت میمن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پاکستان کے عوام قبلہ اول کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خطے میں جاری صیہونی و بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے سینہ سپر رہیں گے۔
  فلسطین فاﺅنڈیشن

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک جعلی ریاست ہے جس کا وجود نہ صرف فلسطینیوں کے لئے سنگین خطرہ ہے بلکہ پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کے لئے خطرہ ہے، غاصب اسرائیل مسجد اقصیٰ (قبلہ اول) کے اسلامی تشخص کو ختم کرنا چاہتا ہے اور اس ناپاک منصوبے کی تکمیل کے لئے مسجد اقصیٰ کے خلاف اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے، وقت آ چکا ہے کہ دنیا بھر سے مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ (قبلہ اول ) کے دفاع کے لئے نکل کھڑے ہوں۔ یہ باتیں انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں منائے گئے ’’یومِ دفاعِ مسجد اقصیٰ ‘‘ کے موقع پر کراچی میں میمن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کے حق میں نعرے درج تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین سے پاکستان تک جاری دہشت گردی میں اسرائیل بھارت کے ساتھ ملوث ہے اور پاکستان جیسی ایٹمی قوت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے امریکا اسرائیل اور ہندوستان کا گٹھ جوڑ ساشوں میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام قبلہ اول کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خطے میں جاری صیہونی و بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے سینہ سپر رہیں گے۔ انہوں نے گذشتہ دنوں لاہور اور کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان تمام دہشت گردانہ کاروائیوں میں براہ راست امریکا، اسرائیل، ہندوستان اور ان کے مقامی ایجنٹ دہشت گرد گروہ ملوث ہیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکا، اسرائیل نامنظور اور ہندوستان مردہ باد کے نعرے لگائے جبکہ مظاہرین نے امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔ آخر میں مولانا عبدالغفار چشتی نے عالم اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے دعا کرائی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰
 

 


 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬