رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری حجت الاسلام عارف واحدی نے بھکر کی صورتحال پر سخت رد عمل کا اظھار کرتے ہوئے کہا: ملکی صورتحال ایک سازش کے تحت خراب کی جارہی ہے، سانحہ بھکر کی اعلٰی سطح پر عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔
حجت الاسلام واحدی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بھکر واقعہ میں ملوث اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر عوام کو آگاہ کیا جائے اور بے گناہوں کو فوری رہا کیا جائے کہا: ذاتی دشمنی کی بنا پر معروف فتنہ پرست گروہ اور کالعدم جماعت کے مقامی رہنما کے قتل کو شرپسندوں کی جانب سے مذہبی رنگ دے کر ضلع بھر میں اشتعال اور فتنہ و فساد کو ہوا دی گئی اور قانون کو ہاتھ میں لے کر نہ صرف مُسلّمہ اسلامی مکتب فکر کے خلاف غلیظ نعرہ بازی کرکے مقدسات کی توہین کی گئی بلکہ معصوم اور نہتے عوام پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس سے حسینی چوک کوٹلہ جام میں بے گناہ افراد شہید و شدید زخمی ہوگئے تھے۔
انہوں ںے اس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا : وہ صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے علاقہ میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اقدامات کرے ۔
سرزمین پاکستان کے نامور شیعہ عالم دین نے مزید کہا: حکومت پنجاب سے بے گناہ افراد کو مقدمہ سے خارج کرکے انکی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔