رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 500 سے زائد گدی نشیں مشائخ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تائید و حمایت اور اپنے مریدوں سمیت انقلاب مارچ کے دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا۔
مشائخ نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے : صوفیاء کے پیروکار مصطفوی انقلاب کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیں گے کیونکہ مشائخ کی جدوجہد سے بننے والے پاکستان کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا لیا ہے اور قیام پاکستان کو 66 سال گزر جانے کے باوجود ملک میں نظامِ مصطفی نافذ نہیں کیا جا سکا۔
مشائخ نے بیان کیا : ملک پر جعلی حکمران اور جعلی نظام مسلط ہے۔ قوم مفاد پرست حکمرانوں اور فراڈ جمہوریت سے بیزار اور مایوس ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ذاتی نہیں قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ طاہر القادری کے خلاف بدزبانی کرنے والے نام نہاد مذہبی راہنما حکمرانوں کے درباری اور حواری ہیں۔ حکومتی وظیفہ خوار طاہرالقادری کے خلاف بیان بازی سے باز آ جائیں۔
مشائخ نے مطالبہ کیا ہے : سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج کی جائے اور ایف آئی آر میں نامزد افراد کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سانحۂ لاہور میں ملوث ہیں اس لیے وہ اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں۔
مشائخ نے کہا : انقلاب مارچ کے دھرنے کے خلاف طاقت کے استعمال پر خاموش نہیں رہیں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے میڈیا سیل کے مطابق طاہرالقادری کی حمایت کا اعلان کرنے والے مشائخ میں صاحبزادہ پیر سیّد سجاد سعید کاظمی، خواجہ غلام قطب الدین فریدی، پیر سیّد محمد معصوم نقوی، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، پیرزادہ علی احمد صابر چشتی، پیر سیّد محمد شاہ ہمدانی، پیر محمد صدیق نقشبندی، پیر معاذ المصطفیٰ قادری، پیر عنایت الرحمن سیفی، صاحبزادہ سیّد گل حسن گردیزی، پیر خالد محمد صمدانی، پیر محمد امجد مجددی، پیر شہزاد احمد مجددی، پیر سیّد خالد حسین شاہ، پیر محمد احمد قادری سروری، پیر سیّد رضا حسین شاہ، پیر اختر رسول، پیر صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی، پیر میاں محمد عارف شاہ، پیر محمود الحسن خاکی شاہ، پیر میاں مطلوب رضا رضوی، پیر شرافت علی قادری، پیر محمد حفیظ نقشبندی، پیر اعجاز احمد ہجویری، پیر اظہر محمود علوی، پیر محمد نواز قاسم، پیر سیّد عرفان محی الدین، پیر عبدالہادی، پیر سیّد علی رضا شاہ، پیر محمد نعیم جاوید نوری، پیر سیّد عبدالقادر شاہ سیفی، پیر محبوب احمد صدیقی، پیر امام اﷲ شاہ، پیر معین الحق علوی، پیر قمر سلطان، پیر قمر سلطان امیر افضل اور دیگر شامل ہیں۔