رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : عدالت کے فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ وزیراعلٰی شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی : شہباز شریف کے ایماء پر ماڈل ٹاون میں خون کی ہولی کھیلی گئی، خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، انشاءاللہ حکمران اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی حکمران اپنے انجام سے دوچار ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا: ہمارا پہلے دن سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث افراد کے خلاف ورثاء کی جانب سے ایف آئی آر درج کی جائے، لیکن حکمرانوں نے پیسے اور طاقت کے بل بوتے پر یہ کام نہیں ہونے دیا۔ ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں اور مظلوموں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔