رسا نیوز ایجنسی کی رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خبر رساں سائٹ سے رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے ایک حکم میں انجینئر فتاح کو امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ۔
آپ نے امام خمینی(رہ) ریلیف کمیٹی کے قانون میں تغییر اور تبدیلی کے پیش نظر ایک حکم میں اس ادارے کے سابقہ حکام کی مخلصانہ کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کے سربراہ اور ہیات امنا کے اراکین کو منصوب کرتے ہوئے اس الہی ادارے کے نورانی اہداف یعنی محرومین کو بااختیار اور خود انحصاربنانے اور ان کے ایمان کے رشد و فروغ کے لئے اساسی اور تکمیلی اقدامات کو عملی جامہ پہنانے پر تاکید کی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کے قانون میں جو تغییر اور تبدیلی ہوئی ہے اس کے پیش نظر؛ حضرات حجۃ الاسلام حاج شیخ محسن کازرونی ، انجینئر پرویز فتاح، حسین انواری، حمید رضا ترقی، سید مرتضی بختیاری ،انجینئر سید منصور برقعی اور محترمہ ڈاکٹر مرضیہ وحید دستجردی کو ہیات امناء کے اراکین اور جناب انجینئر پرویز فتاح کو امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتا ہوں۔ مذکورہ اراکین اور ریلیف کمیٹی کے سربراہ سے امید و توقع رکھتا ہوں کہ وہ اللہ تعالی کی مدد اور موجودہ گرانقدر تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس الہی ادارے کے نورانی اہداف یعنی محرومین کو بااختیار اور خود انحصاربنانے اورسماجی، حمایتی ،ثقافتی اور معاشی خدمات پیش کرکے ان کے ایمان و اعتقاد کے رشد و فروغ کے لئے اساسی اور تکمیلی اقدامات کو عملی جامہ پہنانےکے سلسلے میں تلاش و کوشش کریں گے۔
بیشک امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کے سابق حکام اور ان کے سرفہرست جناب آقائ عسگر اولادی رحمۃ اللہ علیہ اور حالیہ برسوں میں مرکزی کونسل کے اراکین اور جناب انواری نے اس مؤثرو مؤفق ادارے کی تشکیل اور فقر و افلاس کو دور کرنے کے سلسلے میں بہت زیادہ زحمات اٹھائی ہیں ان تمام حضرات کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لئے اللہ تعالی کی بارگاہ سے اجر و ثواب طلب کرتا ہوں ۔ اگر چہ امام خمینی (رہ) ریلیف کمیٹی کی کمی و کیفی امداد کا انحصار ملک کے عوام کے دوش ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ کو بھی اس انقلابی ادارے کی مقدس ذمہ داریوں کے سلسلے میں ہمہ گیر تعاون فراہم کرنا چاہیے ۔ اللہ تعالی کی بارگاہ سے تمام حضرات کے لئے مزید توفیقات طلب کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای
5/ اپریل / 2015