رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں جشن مرج البحرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام محمد امین شہیدی نے کہا : حضرت فاطمہ (س) کی شخصیت کی صورت میں اللہ نے دنیا کی خواتین کے لئے نمونہ دکھایا۔
انہوں نے بیان کیا : رسول اللہ (ص) کا یہ فرمان ہے کہ فاطمہ (س) میری بیٹی بھی ہے اور ماں بھی کیونکہ حضرت فاطمہ (س) نے سرکار دو عالم (ص) کی خدمت بیٹی اور ماں کی طرح کی، ان کی زندگی کو مثال بنا کر خواتین کامیاب زندگی گزار سکتی ہیں۔
جسٹس نذیر غازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت فاطمہ (س) جیسی خاتون پوری دنیا میں نظر نہیں آتیں، آپ (س) کی شخصیت ہر دور میں مشعل راہ ہے، لیکن المیہ یہ ہے کہ آپ (س) کا مزار بھی ہم دنیا کو نہیں دکھا سکتے، آپ (س) کے مزار کو بھی ہم محفوظ نہ رکھ سکے، ظالموں نے آپ (س) کا مزار بھی دنیا کے سامنے نہیں چھوڑا۔
مسیحی رہنماء پادری شاہد معراج نے بھی حضرت فاطمہ (س) کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا : ہمیں دوسروں کو برداشت نہیں بلکہ قبول کرنے کی روایت کو فروغ دینا ہوگا اور خدا کی اپنی مخلوق سے محبت کو یاد رکھنا ہوگا ۔