رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا : جمہوریت اور ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے دھاندلی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، جب تک پاکستان میں شفاف انتخابات نہیں ہوں گے، ملک میں جمہوریت خطرات سے دوچار رہے گی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : لاہور سمیت پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو روزانہ کروڑوں کا ''ٹیکہ'' لگ رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے بیان کیا : عام انتخابات میں دنیا کی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اور اب جوڈیشل کمیشن کے قیام سے عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے تمام کردار بے نقاب ہوں گے اور ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، تاکہ آئندہ کسی کو عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہ ہوسکے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : دنیا بھر میں جہاں شفاف انتخابات نہیں ہوتے وہاں جمہوریت ہمیشہ خطرات سے دوچار رہتی ہے، اس لئے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے عام انتخابات کے عمل کو شفاف بنانا ہوگا۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے بیان کیا : پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے پنجاب کے غریب عوام کا روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جس کے ذمہ دار پنجاب کے نااہل حکمران ہیں اور ان کو عوامی عدالت میں اپنی ان نااہلیوں کا جواب دینا ہوگا۔