رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام پروپیگیشن آرگنائیزیشن کی کوآرڈینیشن کونسل نے اپنے جاری کردہ بیان میں نائیجیریا میں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کے اعتراض میں ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کئے جانے کا اعلان کیا اور ایران کے مختلف شھروں تہران ، مشہد، اراک، اردبیل، شیراز، زنجان، ہمدان، قزوین اور بندر عباس کی عوام کو شرکت کی دعوت دی ۔
گذشتہ روز ایرانی عوام کی ایک بڑی تعداد نے تہران میں نائیجیریا کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کر کے فوج کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت کی تھی اور شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے دعوے داروں کی خاموشی کی مذمت میں نعرے بھی لگائے تھے ۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے نائیجیریا کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے فوج کے ہاتھوں بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر شدید احتجاج بھی کیا ہے۔