09 April 2014 - 20:26
News ID: 6609
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اسلام آباد سبزی منڈی / فروٹ منڈی میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
قائد ملت جعفريہ پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے اسلام آباد سبزی منڈی / فروٹ منڈی میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا : جب تک آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی قائم کرکے دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ملک میں ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے کوئی بھی شہری ملک میں ہونے دہشت گردی سے محفوط نہیں  ہے ۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے وضاحت کی : ریاستی ادارے تا حا ل عوام کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہے۔ دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں، سزائے موت کو معطل کردیا گیا ہے ، معاشرے میں سزا و جزا کا عمل رائج کرنے سے ہی امن قائم ہوگا، بے یار ومددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے۔

حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے مزید بیان کیا : پورے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ ایک جانب مذاکرات کئے جارہے ہیں مگر دوسری جانب شرپسند دندناتے پھر رہے ہیں وہ جسے چاہتے ہیں جہاں چاہتے ہیں اس ملک کے معصوم شہریوں کو نشانہ بناڈالتے ہیںاور بم دھماکے کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا : شرپسند و دہشت گرد ملک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کی کامیابی چاہتے ہیں جب تک حکومت قتل عام کرنیوالے خونی درندوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر نشان عبرت نہیں بناتی اس وقت تک امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے وضاحت کی : حکومت اگر ملک میں امن قائم کرنا چاہتی ہے تو فی الفور قصاص کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا : ہم نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کیلئے اپنی توانائیاں صرف کی ہیں اور آئندہ بھی اس پر کاربند رہیںگے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ امت مسلمہ کی ترقی کا راز اتحاد میں مضمر ہے۔

ساجد علی نقوی نے بیان کیا : بارہا مرتبہ مطالبہ کیاگیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں مگر صرف طفل تسلیوں اور بلند و بانگ دعوئوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف بنایا جاتا رہا افسوس کہ آج تک اتنے بڑے سانحات رونما ہوئے ہیں مگر قوم کو ان حقائق سے آگاہ نہیں کیاگیا۔

انہوں نے کہا : ملک میں علماء، ڈاکٹرز، انجینئرز، ججز،وکلاء، صحافی، اقلیتی برادری اور بے یارو مددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے مساجد و امام بارگاہوں سے لے کر اعلیٰ سرکاری اداروں تک کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے تحفظ حاصل نہیں ہے ۔ ملک میں آئین و قانون کی عملداری کو ختم کردیا گیا ہے، آئے روز قوانین بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا۔ اگر معاشرے میں سزا و جزا کے عمل کو رائج کیا جاتا تو آج کافی حد تک مسائل حل ہوچکے ہوتے مگر افسوس اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے تاکید کرتے ہوئے کہا : جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا ، اس کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

حجت الاسلام سید ساجدعلی نقوی نے اسلام آبا د بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت کی۔  
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬