رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ یوتھ پاکستان کے زیر اہتمام اسلامک سنٹر راولپنڈی میں سیمینار " پیغام رمضان اور جوان " کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے معروف علمائے کرام ، شخصیتوں اور مختلف طبقے کی عوام نیز قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے صدارتی خطاب میں جعفریہ یوتھ کے جوانوں کو دور حاضر میں اصحابِ کہف کے جوانوں جیسا کردار ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: اصحاب کہف میں شامل جوانوں کی استقامت اور ریاضت پر اللہ تعالے نے قرآن کریم کے ذریعے مہر تصدیق ثبت فرمائی ہے اور انہیں اعلی و ارفع مقام عطا ہونے کی سند عطا فرمائی ہے۔ انبیاء و رسل اور معصوم ہستیوں کا مقام اپنی جگہ مسلم ہے لیکن اصحاب کہف کے جوانوں کو اللہ تعالی کی طرف سے کامیابی اور تائید کی سند عطا ہوجانا منفرد واقعہ ہے جو مذکورہ جوانوں کے اخلاص عمل کی تصدیق کرتا ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین نقوی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ جس گہری وابستگی اور صبر و ریاضت کے ساتھ جوانان کہف نے حکم خداوندی کے سامنے سرتسلیم خم کیا اگر اسی طرح دور حاضر کے جوان خصوصا جعفریہ یوتھ کے جوان گہری وابستگی اور ریاضت کے ساتھ احکام خداوندی اور تنظیمی اصولوں کی پیروی کریں تو وہ بھی خدا کی طرف سے کامیابی کی سند کے مستحق قرار پا سکتے ہیں کہا: اس لئے جوانوں کو چاہئے کہ وہ تقوی الہی اختیار کرتے ہوئے کردار سازی کی طرف توجہات مرکوز رکھیں اور معاشرے میں موجود برائیوں ، خرابیوں اور نقائص کو دور اور ختم کرنے کے لئے اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ جعفریہ یوتھ کے جوان تربیتی مراحل سے گذار کر خود کو اس قابل بنائیں کہ وہ خود معاشرہ سازی کرسکیں کہا: اس میں عقائد و عبادات سے لے کر حکومت اور سیاست کے معاملات شامل ہیں ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سانحہ ایبٹ آباد میں مولانا سید وسیم شیرازی اور ان کے والد سید غلام مصطفی شیرازی کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: اس پر امن اور حساس علاقے میں دہشت گردی کا بھیانک اور لرزہ خیز واقعہ لمحہ فکریہ ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ سیمینار سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی ، جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری ، انجمن جانثاران اہلبیت کے سابق صدر و شیعہ رہنماء تطہیر عالم رضوی، شعبہ زائرین قم کے مسؤل حجت الاسلام سید ناصر انقلابی، جعفریہ یوتھ ضلع راولپنڈی کے ناظم سید جعفر نقوی اور دیگر افراد نے خطاب کیا ۔
سیمینار کے بعد قائد ملت جعفریہ کے اعزاز میں افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک آفتاب حسین جوادی، سید عقیل اصغر کاظمی ، کوثر عباس حیدری، ظفر عباس شہانی، سید زاہد حسین جعفری، ڈاکٹر عون ساجد نقوی سمیت متعدد علمائے کرام اور عمائدین ملت نے شرکت کی ۔