رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے منہاج سیکریٹریٹ میں ڈاکٹر طاہر القادری اور صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : پنجاب حکومت کے تمام سازشی حربے ناکام ہوچکے ہیں، یوم شہداء کو سبوتاژ کرنے کے لئے شرکاء پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے یوم شہداء میں رکاوٹیں ڈالنے اور ظالم استبدادی حکومت سے نجات کے لئے پاکستان کے تمام شیعہ سنی عوام متحد ہو کر سڑکوں پر نکل آئیں، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے اہل سنت بھائیوں کو یزیدیت نواز حکومت کے سامنے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : گلگت تا کراچی اور کوئٹہ تا خیبر ہر گلی ہر کوچے میں مظلوموں کی حمایت میں دھرنے دیئے جائیں، مرکزی یوم شہداء کا اجتماع ماڈل ٹاون لاہور میں ہر صورت ہوگا، قومی سلامتی کے نام وزیراعظم صاحب کا سیاسی شو بری طرح فلاپ ہوگیا، نواز شریف کا ہم سے بات چیت اور مذاکرات سے انکار ہمارے موقف کی صداقت کی دلیل ہے۔
انہوں نے مزید بیان کیا : پنجاب بھر میں پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ قاف کے خلاف ریاستی دہشت گردی نے نون لیگ کی ناکامی کو واضح کر دیا، پنجاب حکومت اپنے اقتدار کی بقا کی خاطر نہتی خواتین، معصوم بچیوں اور بزرگوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : نواز اور شہباز شریف جتنا ظلم چاہیں کر لیں، خون کے آخری قطرے تک میدان میں ڈٹے رہیں گے، ظلم کے ایوانوں کے زمین بوس ہونے سے پہلے واپس گھروں کو نہیں جائیں گے، چاہے ہفتے لگیں یا مہینے، حکومت نے ہماری احتجاجی تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لئے کرائے کے بدمعاش بھیجنے کا پلان تیار کیا ہے اور انتشار اور دہشت گردی کے ذریعے حکومت کے مفاد اور ہمارے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری یا کسی بھی رہنما کی گرفتاری کے بعد حالات کے مزید کنٹرول میں رہنے کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔