رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری، مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا : ہم 35 سال سے لاشیں اٹھا رہے ہیں، دھرنے دیئے، احتجاج کیا، مگر یہ حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے، ہمارے شہید قائد حجت الاسلام عارف حسینی کے قاتلوں کو نواز حکومت نے رہا کر دیا۔ قاتلوں اور جلادوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا : آج قائداعظم اور علامہ اقبال کے بیٹے شیعہ اور سنی مل کر اس ملک سے دہشت گردوں، تکفیریوں کو نکال باہر کریں گے۔ ہر جبر کا مقابلہ مل کر کریں گے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے انقلاب مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی : حکمرانوں نے پرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی تو پورے ملک کو جام کر دینگے، ملک کی ہر گلی کوچہ مال روڈ اور ڈی چوک بن جائے گا۔
انہوں نے کہا : چھوٹی چھوٹی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے خواتین کے منہ میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا، اب کوئی ظالم ہمیں ملکی استحکام و ترقی اور عوامی حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکے گا۔ ہم نے اپنی مظلومیت کو اب عوامی طاقت میں بدل دیا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ظالم اپنے انجام کو پہنچ جائینگے اور مظلوموں اور مستضعفین کو فتح و نصرت نصیب ہوگی۔