رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تھران کے امام جمعہ آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے اس ھفتہ نماز جمعہ کے خطبے میں جو مصلائے تھران میں سیکڑوں نماز گزاروں کی شرکت میں منعقد ہوا، یوروپ کے جوانوں کے نام رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دوسرے خط کو دینی اورسیاسی آئیڈیالوجی کا حامل بتایا ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ اسلام انسانیت کا دین ہے اور تمام انسانوں کی ہدایت و رہنمائی اور ان کے اذہان کو روشن کرنے کے لیے آیا ہے کا: مغربی نوجوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کا خط انتہائی اہم ہے اور اس میں دینی اور سیاسی آئیڈیالوجی پوری طرح واضح ہے۔
تہران کے امام جمعہ نے دنیا کے تمام نوجوانوں کو نصحیت کرتے ہوئے کہا: نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ پوری ہوشیاری کے ساتھ اسلام کا دامن تھام لیں تاکہ اس دین مبین و عظیم کے سائے میں امن و آشتی اس دنیا کا مقدر بن سکے۔
انہوں نے دہشت گردی کے بارے میں مغرب کی دوہری پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، دہشت گردی کے بارے میں مغربی ممالک کی پالیسیوں کے تضاد کو پوری طرح نمایاں بتایا اور کہا: مغربی ممالک ایک جانب داعش جیسے دہشت گرد گروہ کی مخالفت کر رہے ہیں تو دوسری جانب صیہونی حکومت کی سرکاری دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں ۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے چہلم امام حسین علیہ السلام کے پرشکوہ انعقاد پر عراقی حکومت اور عوام کے اقدامات کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا: دہشت گردوں کی دھمکیوں کے باجود ، لاکھوں مسلمان کربلائے معلی میں چہلم کی عزاداری میں شریک ہوئے اور اس سال بھی یہ اجتماع پورے امن و سکون اور شکوہ و عظمت کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔
انہوں نے اس دن کے بے مثال ہونے کے اسباب کی جانب اشارہ کیا اور کہا: اس کی وجہ یہ ہے کہ امام حسین علیہ السلام وہ پہلی ہستی ہیں جنہوں نے نہ صرف کفر کا مقابلہ کیا بلکہ اسلام کے نام پر حکمرانی کرنے والے نا اہل حکمرانوں کے حقیقی چہرے کو بے نقاب اور اسلام کی حقیقت سے دنیا کو روشناس کرایا ۔