رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے امریکا کی جانب سے عراق میں دوبارہ فوج ارسال کئے جانے کے بیان پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا: عراقی خود اپنی حفاظت کی توانائی رکھتے ہیں ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کے ملک نے کسی بھی دوسرے ملک سے فوج بھیجنے کی درخواست نہیں کی کہا: ہمیں غیرملکی فوجیوں کی ضرورت نہیں ہے اور حکومت عراق غیر ملکی فوجیوں کو اپنے یہاں تعیناتی کی ھرگز اجازت نہیں دے گی ۔
العبادی نے یہ کہتے ہوئے کہ اگر کسی بھی ملک کی جانب سے ایسا کوئی بھی اقدام کیا گیا تو اسے مخاصمانہ تصور کیا جائے گا کہا: عراقی حکومت بارہا اپنے موقف کا اعلان کرچکی ہے کہ اسے داعش کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کی جانب سے فقط فضائی حمایت، اسلحے اور تربیت کی ضرورت ہے ۔
دوسری جانب عراق کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے بھی ان خبروں پر سخت ردعمل اظھار کرتے ہوئے کہا: امریکی فوجیوں کی دوبارہ عراق آمد کا مقصد ، عراق کی تقسیم کے ناکام ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کا راستہ ہموار کرنا ہے ۔