رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام عارف حسین واحدی مر کزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل نہ کہا : پہلے تو کوئٹہ میں سیکورٹی کے نام پربلاجواز ہزاروں زائرین کو ایک ہفتہ تک روکے رکھا جو ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی پریس کانفرنسزو ریلیوں اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد زائرین کوئٹہ سے روانہ ہوئے لیکن تفتان بارڈر پہنچنے پرزائرین کو بلاجواز پاکستان ہاوس میں زبردستی روکے رکھنا شہری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے کہا : کوئٹہ سے تفتان 8 گھنٹے کا سفر ہے لیکن زیادتی یہ ہے کہ کانوائے میں 20 گھنٹے سے زائد لگائے جاتے ہیں، زائرین کوئٹہ سے گذشتہ رات تین بجے کے قریب تفتان بارڈر پہنچے جہاں زائرین کو زبردستی پاکستان ہاؤس میں بٹھایا گیا اور ہر قافلے سے چھ سے دس ہزار روپے جو تقریباً فی زائر 100 روپے کے حساب سے پانچ لاکھ کے قریب بنتے ہیں چارجز وصول کئے گئے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے بیان کیا : رقم لینے کے باوجود پاکستان ہاوس میں زائرین کیلئے نہ تو سونے کی جگہ ہے اور نہ ہی بیٹھنے کی علاوہ ازیں پاکستان ہاوس میں تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ایسا لگتا ہے کہ زائرین کو ایک خصوصی جیل میں بند کر دیا گیا ہو۔ پاکستان ہاؤس کے گیٹ بند ہیں، زائرین کے باہر جانے پر حتیٰ کہ ایف آئی اے کے دفتر تک بھی جانے کی پابندی ہے ۔
حجت الاسلام عارف واحدی نے کہا : افسوس ناک امر یہ ہے کہ اپنے ہی ملک میں بیمار مسافر زائرین علاج معالجہ کے لئے مجبور ہیں کہ وہ علاج کیلئے بھی باہر نہیں جا سکتے۔ بچے خواتین مرد سب تکلیف دہ عمل سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے بیان کیا : تفتان بارڈر پر ایف سی کے ایک صوبیدار رینک افسر کی اجارہ داری ہے جس کا رویہ نہایت ظالمانہ ہے۔ تفتان بارڈر پر زائرین انتہائی کسمپرسی کے عالم میں بے یارومددگار پڑے ہیں اور ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔
مر کزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل نے کہا : طویل سفر کے بعد سفری تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ تفتان بارڈر پر ایف سی اہل کاروں کا یہ غیر انسانی سلوک ناقابل برداشت ہے۔ اس کے ازالے کے لئے فوری اور مناسب اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
حجت الاسلام عارف واحدی نے تاکید کرتے ہوئے کہا : صدر ،وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور دیگر ذمہ داران اگر زائرین کوسفری سہولیات فراہم نہیں کرسکتے تو ان کیلئے مسائل تو نہ پیدا کریں ہمارا مطالبہ ہے کہ زائرین کی آمدو رفت سے متعلقہ تمام مسائل کو فوی اورمستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔اور تفتان بارڈر پر زائرین کے ساتھ ایف سی اہلکاروں کے ناراوا سلوک کا نوٹس لیکر ازالہ کریں ۔