رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے عالی جناب نصیر حسین موسوی، سید محمود حسین نقوی، سید جاوید حسین شاہ کے ہمراہ شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس راجہ بازار میں شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ سیکورٹی کے انتظامات بہتر ہیں۔ ہم نیشنل ایکشن پلان کے باعث کنٹینرز برداشت کر رہے ہیں۔ ہماری پورے ملک کے حالات پر نظر ہے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : ہم نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مجالس و جلوس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔ ذکر حضرت امام حسین علیہ السلام کو روکنا اسلام کو روکنا ہے۔ ہم اس کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے بیان کیا : ہم محب وطن پاکستان ہیں۔ اس ملک میں شیعہ سنی کا کوئی جھگڑا نہیں۔ ریاستی اداروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ چار دیواری میں مجالس کے انعقاد کی آزادی ہے۔ چار دیواری میں مجلس کے انعقاد کی کوئی اجازت نہیں لی جائے گی۔ یہ ہمارا بنیادی وآئینی حق ہے اور خالصتاً شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا : پنجاب میں بہت سے لوگوں پر گھروں میں چاردیواری میں مجالس کے انعقاد پر ایف آئی آر درج کی گئیں، مجالس میں رکاوٹ عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کی کوشش ہے۔ جو ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں انہیں فوراً ختم کیا جائے۔ ہم اپنی شہری آزادی کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔
ایک سوال کے جواب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ایک صوبے سے دوسرے صوبے اور ایک ضلعے سے دوسرے ضلع میں علماء کرام پر مجالس پڑھنے پر کوئی پابندی قبول نہیں کرینگے۔ حکومت کو ایک معیار بنانا چاہیئے کہ جو علماء کرام امن پسند، قانون پسند ہیں ان کو ہرگز نہ روکا جائے اور جو علماء کرام مسالک میں تفریق اورفساد پیدا کرتے ہیں ان پر پابندی عائد کی جائے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات اور کردار ہرزمانے کے انسان کیلئے سرچشمہ ہدایت و رہنمائی ہے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اس ملک میں اتحاد و وحدت کا درس دیا۔ پاکستان میں امن قائم رکھنے میں ان کا کردار مثالی ہے اور ملت جعفریہ پاکستان کے لاکھوں فرزند اپنے قائد کے حکم پر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔