رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان قومی زبان تحریک کے سیکرٹری جنرل تاثیر مصطفی نے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔
ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر اور پاکستان قومی زبان تحریک کے سیکرٹری جنرل تاثیر مصطفی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا : حکومت قومی زبان کے نفاذ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا سدباب کرے اور اردو کو سرکاری زبان بنانے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کرے۔
اس موقع پر ایک مشترکہ بیان میں دونوں راہنمائوں نے تاکید کی : مقتدرہ قومی زبان کو ادارہ فروغ قومی زبان کا نام دینا آئین کی روح کے منافی ہے اور اس ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اس کا اصلی نام بحال کیا جائے۔
دونوں راہنمائوں نے معروف شاعر اور ادیب جمیل الدین عالی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور قومی زبان و ثقافت کے لیے ان کی طویل خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
پاکستان قومی زبان تحریک کے سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا : جمیل الدین عالی کی قومی و ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔