رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ٹل اڈا پاراچنار کے لنڈا بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 17 سے زائد افراد کی شہادت اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے اس سانحہ کے ذمہ داران کو بے نقاب کر کے پس پردہ محرکات کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
حجت الاسلام ساجد نقوی نے اپنے مذمتی بیان میں تاکید کرتے ہوئے کہا : تسلسل کے ساتھ ملک بھر میں بالعموم اور پاراچنار کرم ایجنسی میں بالخصوص ایک مدت سے دہشت گردی اور قتل عام کا بازار گرم ہے لیکن امن و امان کے ضامن ادارے عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے بیان کیا : ضرورت اس امر ہے کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ایسے سانحات کے مرتکب قاتلوں اور دہشت گردوں کو لگام دی جائے تاکہ ملک میں بدامنی اور شرپسندی پھیلانے والے عناصر کا قلع قمع کیا جاسکے۔
حجت الاسلام ساجد نقوی نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔