14 June 2014 - 23:07
‫نیوز‬ ‫کوڈ‬: 6889
فونت
یوم ولادت امام مہدی (عج) پر؛
رسا نیوز ایجنسی – حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے یوم ولادت حضرت امام مہدی (عج) کے موقع پر عالم اسلام خصوصا شیعوں کو مبارکباد پیش کی ۔
حضرت امام مہدي (عج)

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے یوم ولادت حضرت امام مہدی (عج) پر عالم اسلام خصوصا دنیا کے شیعوں کو مبارکباد پیش کی ۔


اس پیغام کا تفصیلی متن یہ ہے :


انسانوں کا فطری تقاضا ہے کہ جب بھی انہیں مشکلات گھیرے میں لیتی ہیں ، ان کے ساتھ ظلم و زیادتی کی انتہا ہوتی ہے ، انسانی معاشروں میں نا انصافی، بے عدلی، تشدد اور برائیوں کا رواج ہوتا ہے تو وہ ایک مسیحا کے منتظر ہوتے ہیں کہ جو انہیں مشکلات سے نکالے۔


ظلم کا خاتمہ کر کے معاشرے کو تمام برائیوں سے پاک کر کے ایک پرامن، صالح اور نیکی پر مبنی معاشرہ قائم کرکے دور حاضرہ میں بھی اسی قسم کی مشکلات اور مسائل کا مرقع بن چکا ہے اور ہر انسان ایک مسیحا کے انتظار میں ہے یہی فکر، سوچ اور انتظارہی دراصل نظریہ مہدی (عج) کی روشن دلیل ہے ۔


پندرہ شعبان کی با برکت رات اطاعت خداوندی کی تجدید اور خواہشات نفسانی کی نفی کر کے نفس امارہ کو شکست دینے کے عہد اور نئے عزم وحوصلے کے ساتھ زندگی کا آغاز کرنے کا حسین موقع فراہم کرتی ہے اس رات رحمت کے فرشتے زمین پر اتر کر انسانوں کو آئندہ سال کے لیے رحمت کی نوید سناتے ہیں اور انہیں موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ گذشتہ سال کی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے آئندہ سال اطاعت الہی اور حسن عمل کے ساتھ گذاریں ۔


اسلامی تعلیمات اور اسلامی تاریخ میں مہدی موعود کے تصور اور ان کے ظہور کے بارے میں بہت سی روایات موجود ہیں اسلامی مآخذ میں بھی تصور مہدی (عج) کو بہت واضح انداز میں ابھارا گیا ہے اور ان کے ظہور اور قیام کے سلسلے میں بہت زور دیا گیا ہے۔ درحقیقت اس کا تعلق اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے ساتھ ہے تاکہ اس نظام کے قیام کی جدوجہد اور ظلم وجور اور ناانصافی کو مٹانے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیںاور دنیا کو عدل وانصاف سے بھرنے کا عہد پورا ہوسکے ۔


امت مسلمہ کے تمام مسالک اور مکاتب فکر اسلامی مآخذ کو تسلیم کرتے ہیں لہذا انہیں جزوی، ذاتی، انفرادی اور سطحی اختلافات کو اہمیت نہیں دینی چاہیے بلکہ مشترکہ طور پر ہر وقت عدل اجتماعی کے لیے کوشاں رہنا چاہیے کیونکہ اسلام کے اس نوعیت کے حامل تصور مہدی (عج) سے دوسرے تمام ادیان پر اسلام کی برتری واضح ہوجاتی ہے ۔ اس انداز کا تصور کسی دوسرے دین میں نہیں پایا جاتا لہذا تمام مسلمانوں کو مل کر ظلم وجور کے خاتمے اور امام مہدی (عج) کے ظہور اور قیام کے لیے میدان ہموار کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ تاکہ اسلام کے غالب دین کے طور پر سامنے آنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔
 

تبصرہ بھیجیں
نام:
ایمیل:
* ‫نظریہ‬:
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬